راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)راولپنڈی فرنیچر میکنگ یونین کا پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے مہنگائی اور فرنیچر کی لکڑی کی مصنوعی قلت و قیمتوں میں خودساختہ اضافے کے خلاف مظاہرہ، مظاہرین نے ٹمبر مارکیٹ ساہیوال کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے مری روڈ ناز سینما سے ہوتے ہوئے امرپورہ چوک تک گئے، مظاہرین کی قیادت بانی و سرپرست اعلی عبدالرحمان سیالوی، صدر محمد علی خان نے کی، اس موقع پر شاہد خان، دولت خان،کاشف، حاجی اورنگزیب، آفتاب خان، عابد خان، استاد خلیل، مبشر بٹ، میاں شہزار، عثمان،نیر خان، جمالی خان بھی موجود تھے۔ مظاہرین سے خطاب میں عبدالرحمان سیالوی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کیا جاچکا، جس کا ٹرانسپوٹیشن سے گہرا تعلق ہے، اور اسی وجہ سے دیگر شہروں سے راولپنڈی بازاروں میں لائی جانے والی ہر چیز مہنگی ہو گئی ہے، مہنگائی کے اس دور میں خریدار نہ ہونے سے ہنرمند طبقہ بھی شدید متاثر ہوا ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے لکڑی کی قیمتوں میں بے دریغ اضافہ کر دیا گیا ہے، کنٹرول لسٹیں نہ آنے سے عوام پریشانی کا شکار ہیں، ساہیوال ٹمبر مارکیٹ مافیا اس صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہر قسم کی لکڑیوں کی قلت ظاہر کر کے اب منہ مانگے داموں فروخت کر رہا ہے، خریدار قیمت سن کر واپس جا رہا ہے۔
فرنیچر میکنگ یونین کا لکڑی کی مصنوعی قلت ، قیمتوں میں اضافے کیخلاف مظاہرہ
Jun 18, 2022