سکھر/نوابشاہ / میرپورخاص/ حیدرآباد ( نامہ نگاران)بھارت میں نبی کریم کی گستاخی کیخلاف مسلمان سراپا احتجاج ہیں، تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے زیراہتمام امیر جماعت اسلامی ضلع عقیل احمد خان کی قیادت میں دفتر جماعت اسلامی اسٹیشن روڈ پر ’’تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم‘‘مظاہرہ کیا گیا، قبل ازیں ریلی نکالی گئی۔ تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم ریلی کے شرکانے ہاتھوں میں کتبے اٹھائے ہوئے تھے ریلی میں بڑی تعداد میں نوجوانوں جماعت اسلامی زون وسطی کارکنوں سمیت عوام نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان، جماعت اسلامی زن وسطی کے ناظم اصغر علی خان یوسف زئی، سابق امیر زون وسطی محمد حنیف شیخ، سینئر قانوندان عبدالمعید شیخ ایڈوکیٹ، حافظ اللہ ڈنو جمالی اور حافظ طاہر قریشی نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کہا کہ حکومت پاکستان بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے ترجمانوں کی جانب سے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کے مسئلے پر ہندوستان کا سماجی، تجارتی اور سفارتی بائیکاٹ کرے، گستاخان کو سزا و نئی دہلی کی جانب سے اس حرکت پر معافی مانگنے تک یہ بائیکاٹ جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی بھارتی حکومت کی اسلام مخالف سرگرمیوں کا نوٹس لے اور اس حوالے سے خصوصی اجلاس بلائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے، بھارت کی ناقابل برداشت حرکت پر پاکستانی حکمرانوں کا نرم موقف 22 کروڑ مسلمانوں کے جذبات کی توہین ہے، پوری امت مسلمہ نے بھارتی گستاخی پر بھرپور احتجاج کیا ہے بدقسمتی سے مسلمانوں کے حکمران غافل اور مجرمانہ خاموشی کا شکار ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ ہمارے حکمرانوں کو چاہیے کہ اقوام متحدہ میں گستاخی کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے قانون سازی کی جائے اور بھارتی سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔محمد حنیف شیخ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان آئے روز اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کر سکتے، ہر مسلمان آپ ؐ پر اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے،انھوں نے کہا کہ اس قسم کی حرکتیں عالمی امن تباہ کرنے کی سازش ہیں۔ انھوں نے ملعونہ اور مودی کو قرار واقعی سزا دینے اورانڈیا سے تمام سفارتی تعلقات ختم کرنے اور بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔