اسلام آباد‘ رباط (نامہ نگار+ اے پی پی) این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ ٹویٹ میں شیئر کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوںکے دوران پاکستان میں 11 ہزار 461 کرونا ٹیسٹ کے گئے ہیں جن میں سے 98 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس سے مثبت کرونا ٹیسٹ کی شرح 0.86 فیصد رہی ہے۔ اس دوران کرونا وائرس سے ایک مریض جاں بحق ہوا جبکہ 54 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری طرف وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمن نے فنانس کمیٹی میں ساتھ بیٹھے ممبر کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر خود کو قرنطینہ کر لیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹویٹ میں شیری رحمن نے بتایا کہ فنانس کمیٹی میں ساتھ بیٹھے ممبر کا کرونا مثبت آیا ہے جب تک میری کرونا رپورٹ منفی نہیں آتی اس وقت تک قرنطینہ میں رہوں گی اور تمام دوست مجھ سے دور رہیں۔ ادھر مراکش کے بادشاہ محمد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ چینی خبر رساں ادارے نے مراکش کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا کہ بادشاہ کا کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ جس کے بعد انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے اور آئندہ چند روز تک وہ چھٹی پر ہوں گے۔
کرونا
کرونا: ایک جاں بحق شیری رحمان قرنطینہ میں چلی گئیں مراکش کے باد شاہ کا ٹیسٹ مثبت
Jun 18, 2022