پاکستان ‘میکسیکو کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا پانچواں دور

اسلام آباد(نا مہ نگار)پاکستان اور میکسیکو کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا پانچواں دور ورچوئل موڈ میں منعقد ہوا۔ جمعہ کو دفترخارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کی طرف سے وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری(امریکہ)فیصل نیاز ترمذی نے کی جبکہ میکسیکو کے وفد کی سربراہی میکسیکو کی وزارت خارجہ میں افریقہ، وسطی ایشیا اور مشرق وسطی کے لیے ڈائریکٹر جنرل امپارو اینگیانو نے کی۔ ملاقات میں میکسیکو میں پاکستان کے سفیر نے بھی شرکت کی۔ مشاورت کے دوران دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں کے ساتھ ساتھ علاقائی اور کثیر الجہتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایڈیشنل سیکریٹری نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میکسیکو کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، سائنس و ٹیکنالوجی اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید وسیع کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری نے پیسیفک الائنس میں مبصر کا درجہ حاصل کرنے میں پاکستان کی حمایت پر میکسیکو کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور الائنس کے ذریعے لاطینی امریکہ کے ساتھ تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا کہ پاکستان جیو اکنامکس کی ضروریات پر مضبوطی سے توجہ دے رہا ہے اور وہ ایسی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جو امن، ترقی اور علاقائی روابط کو فروغ دیں۔ پاکستان نے اسلام آباد میں میکسیکو کے مشن کو دوبارہ کھولنے سمیت گہری سفارتی مصروفیات کی اہمیت پر بھی زور دیا۔قونصلر معاملات پر قریبی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، فریقین نے مختلف بین الاقوامی فورمز بالخصوص اقوام متحدہ میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور سلامتی کونسل میں اصلاحات کے سوال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پاکستان اور میکسیکو اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں میں ایک دوسرے کے امیدواروں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے متعدد مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کرنے کا عہد کیا۔ سیاسی مشاورت کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی امور بشمول افغانستان، یوکرین میں تنازعہ اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فریقین نے دوطرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا دور منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری نے اپنے میکسیکن ہم منصب کو پاکستان میں دوطرفہ سیاسی مشاورت کے چھٹے اجلاس میں اپنیوفد کی قیادت کرنے کی دعوت دی۔
پاکستان ‘میکسیکو
 

ای پیپر دی نیشن