پشاور(بیورورپورٹ)قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائونے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی گزشتہ حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو موجودہ معاشی بحران کا سامنا ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے صوابی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پرمسلم لیگی رہنماء علی حسین خان،سابقہ امیدواران جنرل کونسلر و یوتھ کونسلرزفرمان حاشر،اعجاز احمد،فرمان خان،چیئرمین ایمان ویلفیئر ٹرسٹ عبدالباعث خان،محمد عاشق خان،مجاہد خان،سلطان حسین،شاہ روم،انجینئر کامران علی حسین،عدنان علی حسین،ذیشان علی حسین اور دیگر جماعتوں کے کارکنان نے بڑی تعداد میں قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ آفتاب شیرپائو نے کہا کہ غریب عوام پی ٹی آئی حکومت کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں سمیت ہوشربا مہنگائی کی صورت میں بھگت رہے ہیںانھوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کو بھی عوام پر مزید بوجھ ڈالنے سے گریز کرتے ہوئے سادگی اور کفایت شعاری کی راہ اپنانی چاہیے انھوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ معیشت کی بہتری کیلئے معاشی اصلاحات متعارف کرائے۔ عمران نیازی پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سازشی بیانیے سے ہوا نکل چکی ہے اور وہ اب عوام کو گمراہ کرنے کیلئے جھوٹ پے جھوٹ بو رہے ہیںانھوں نے موجودہ حکومت سے این ایف سی ایوارڈ کے اجراء کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا کو بجلی خالص منافع کے بقایاجات اور گیس رائلٹی کی مد میں واجب الادا رقم فوری طور پر ادا کرے انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت صوبہ کے حقوق کیلئے آواز اٹھانے میں ناکام رہی ہے ۔ دریں اثناء قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو اور صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائونے سابق صوبائی وزیر بخت بیدار خان کی وفات پر دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیااپنے ایک مشترکہ بیان میں دونوں رہنمائوں نے مرحوم کی سیاسی اور عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک مخلص اور ملنسار شخصیت کے مالک تھے اور ان کی سیاسی و عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گاانھوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور پسماندگان کو صبر وجمیل عطاء فرمائے۔
آفتاب شیرپائو