سمندری طوفان تھم گیا، ریلیف کیمپ سے لوگوں کی واپسی ، تعلیمی سرکرمیاں ، بجلی بحال 

Jun 18, 2023

کراچی،اسلام آباد،لاہور( نوائے وقت رپورٹ،خبر نگار، نیوز رپورٹر) بحیرہ عرب سے اٹھنے والا سمندری طوفان بپر جوائے کمزور ہو کر ڈپریشن بن گیا، سسٹم کے مزید مشرق کی طرف بڑھنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق تھرپارکر‘ عمر کوٹ‘ بدین میں تیز ہواﺅ ں اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران ہواﺅں کی رفتار 30 سے 40 اور جھکڑ 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کو چھو سکتے ہیں۔محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ سجاول اور میرپورخاص میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔سمندری طوفان بپر جوائے کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ مٹھی میں 168ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔کراچی میں طوفان کے خطرات ختم ہوتے ہی کمشنر کراچی نے شہر میں معمول کی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دے دی۔سمندری طوفان بپر جوائے کے پیش نظر کراچی میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے جبکہ ساحل سمندر پر جانے والے راستے بھی بند کر دیئے گئے تھے۔شہر میں غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے انٹرمیڈیٹ سمیت دیگر کلاسز کے امتحانات بھی معطل کر دیئے گئے تھے تاہم اب کمشنر کراچی نے شہر میں امتحانات سمیت دیگر تدریسی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔طوفان بپرجوائے کے ٹلنے کے بعد سجاول اور بدین کے ساحلی علاقوں میں زندگی معمول پر آنے لگی، سجاول میں ساحلی علاقے شاہ بندر کے دیہات ابراہیم میرجت کے مکینوں نے کاروبارِ زندگی کا آغاز کر دیا۔افواج پاکستان اور سول انتظامیہ کی کاوشوں سے سندھ میں سمندری طوفان سے بے گھر ہونے والے افراد کی اپنے گھروں کو واپسی جاری ہے، متاثرین کو راشن ٹوکن بھی دیئے گئے۔تمام ریلیف کیمپوں سے بے گھر لوگوں کی واپسی کے موقع پر رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ ہر خاندان کے سربراہ کو راشن ٹوکن بھی دئیے گئے، سول انتظامیہ کی مدد سے متاثرین کو اپنے اپنے علاقوں تک بھی پہنچایا گیا۔عالمی ادارہ صحت نے سمندری طوفان کی موجودہ صرت حال کی رپورٹ متعلقہ اداروں کو بھجوا دی سمندری طوفان کی شدت میں کمی آنے کے کیٹگری ون میں داخل سمندری طوفان سے پاکستان کے 4اضلاع شدید متاثرہواعالمی ادارہ صحت کے مطابق سمندری طوفان سے ایک لاکھ کے قریب افراد کا انخلا ہوا 82ہزار سے زائد افراد کا محفوظ انخلا کرایا گیا سمندری طوفان سے 22افراد زخمی اور 2 اموات رپورٹ ہوئی ہیںچارہزار سے زائد مریضوں کو ہیلتھ سروسز اور 1,448 بچوں کو ویکسن کیا گیا۔جبکہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) کی جانب سے کے الیکٹرک کو بجلی کی ترسیل معمول کے مطابق جاری ہے. این ٹی ڈی سی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ کے الیکٹرک کو دو ٹرانسمیشن لائنز 500 کے وی جامشورو- این کے آئی اور 220 کے وی جھمپیر - کے ڈی اے کے ذریعے نیشنل گرڈ سے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ترجمان نے کہا کہ سمندری طوفان کے اثرات کی وجہ سے 500 کے وی جامشورو-این کے آئی ٹرانسمیشن لائن کے انسولیٹرز متاثر ہوئے تھے جنہیں تبدیل کرنے کے بعد 2 بج کر 10 منٹ پر مذکورہ ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے بجلی بحال کر دی گئی۔ ترجمان کے مطابق سمندری طوفان کے اثرات سے ہوا میں نمی کا تناسب ایک خاص حد سے تجاوز کرنے سے انسولیٹرز میں خلل آیا تاہم این ٹی ڈی سی کے لائیو لائن عملے نے کم سے کم وقت میں انسولیٹرز کی تبدیلی کا کام مکمل کیا۔ 
احمد آباد (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی ریاست گجرات کے ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان کے بعد سیلابی صورتحال ہے۔ بھارتی حکام کے مطابق ساحلی اضلاع میں پانی سڑکوں پر موجود ہے اور 1500 دیہات بجلی سے محروم ہیں۔ طوفان سے بجلی کے کئی کھمبے گر گئے۔ بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ متاثرہ علاقوں میں سڑکیں ٹوٹ گئیں۔ پانی کی فراہمی معطل ہے۔ طوفان سے 700 سے زیادہ مکانات کو مکمل یا جزوی نقصان پہنچا ہے۔ مختلف حادثات میں دو افراد ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے۔ ساحلی اضلاع سے لوگوں کے انخلاءکی وجہ سے زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا۔ ایک لاکھ سے زائد افراد کا انخلاءکرایا لیا گیا تھا۔
طوفان/ بھارت

مزیدخبریں