تعلقات بحالی ، سعودی وزیرخارجہ پہلی بار ایران پہنچ گئے، سفارت خانہ کھلنے کا امکان 

Jun 18, 2023

تہران (نوائے وقت رپورٹ) سعودی عرب اور ایران کے درمیان خارجہ تعلقات کی بحالی کے بعد سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان پہلی بار ایران پہنچ گئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق سعودی وزیر خارجہ ایران کے دورے پر دارالحکومت تہران پہنچے ہیں جہاں انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ دو طرفہ تعلقات کی بحالی کے بعد ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کے درمیان یہ تیسری ملاقات ہے اور سعودی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ ایران ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کے صدر ابراہیم رئیسی سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے ۔ ایرانی میڈیا کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان کے دورہ تہران کے دوران ایران میں سعودی سفارتخانہ اور قونصل خانہ دوبارہ کھلنے کا امکان ہے۔ خیال رہے کہ ایران نے 6 جون کو سعودی عرب میں اپنا سارتخانہ اور جدہ میں قونصل خانہ دوبارہ کھولا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران کے کشیدہ تعلقات چین کی معاونت سے مارچ میں دوبارہ بحال ہوئے ہیں۔ ایران میں سعودی سفارتخانے پر حملے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات 2016ءمیں منقطع ہو گئے تھے۔

مزیدخبریں