لاہور(لیڈی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر پنجاب مدثر ریاض ملک نے ”صحت سفر پروگرام“ کا افتتاح کردیا ۔ پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر انتظام اداروں میں مقیم رہائشیوں کیلئے مفت غذائی آگاہی کیمپ لگائے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں لاہور سے اس پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت 36 ہزار سے زائد افراد کی نیوٹریشن پروفائلنگ کی جائے گی۔ ڈی جی سوشل ویلفیئر کے مطابق ان کیمپس میں بزرگ، خواتین اور بچوں کے ہیلتھ ٹیسٹ بلا معاوضہ ہوں گے۔ میڈیکل ٹیمیں اداروں میں مقیم افراد کی صحت کا معائنہ کریں گی اور انہیں مفت مشورے دیں گی۔