اسلام آباد (خبرنگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پرانے اور نئے حکمرانوں نے ملک لوٹ لیا، مسلسل کرپٹ نظام اور اس کے وفاداروں نے عوام کے منہ سے نوالہ تک چھین لیا، حکومت کی ناکامی نوشتہ دیوار ہے، حساب اور احتساب اب عوام کریں گے، ٹیسٹ ٹیوب لیڈر قوم کو دلدل سے نہیں نکال سکتے، اب متبادل صرف جماعت اسلامی ہے۔ حکمرانوں کے پروٹوکول پر غریب کا پیسہ خرچ ہو رہا ہے، سینٹ میں مراعات میں اضافہ کرنا غریب قوم کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔ حکمرانوں اور ان کے جھوٹے نعروں کے پول کھل گئے، یہ 90کی دہائی نہیں ، اکیسویں صدی کا نوجوان حالات سے مکمل باخبر ہے ،تیرا چور مردہ آباد ، میرا چور زندہ باد کی باتیں کرنے والے ایکسپوز ہوچکے، آئندہ الیکشن میں نورا کشتی نہیں چلے گی۔ کرپٹ سسٹم کو بدلنا ہوگا، وقت آگیا کہ ملک کو اسلامی نظام دیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی مجلس شوری کے اجلاس کے دوسرے روز گفتگو کے دوران کیا۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال، کراچی میئر الیکشن، قومی انتخابات اور تنظیمی امور پر گفتگو ہوئی۔ امیر جماعت تین روزہ اجلاس کے اختتام پر اتوار کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔