گوجرانوالہ + ڈسکہ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خاں نے کہا ہے کہ کوٹ آغا سے سرانوالی ٹرانسمیشن لائن اہل علاقہ کیلئے ایک بہترین تحفہ ہے، ساڑھے چار کروڑروپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی اس پاور ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر سے اہل علاقہ کو بہترین وولٹیج کے ساتھ بجلی کی فراہمی ممکن ہو گی۔ اوور لوڈنگ کا خاتمہ ہو گا اوربجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی آئیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 132کے وی کوٹ آغا سے سرانوالی پاور ٹرانسمیشن لائن کے افتتاح کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب سے ایم این اے سیدہ نوشین افتخار، چیئرمین گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد شعیب بٹ،چیف ایگزیکٹوانجینئر محمد ایوب اور ڈپٹی مینجر پبلک ریلیشنز محمد جہانگیر رانانے بھی خطاب کیا جبکہ ڈائریکٹرجنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن جلیل الرحمن، چیف انجینئرزامتیاز احمد چیمہ، مینجرزشیخ امان اللہ،محمد بوٹا گورائیہ، فیصل نفیس یوسف، شہباز احمد سیکھو، غلام غوث، سمیت گیپکو افسران و ملازمین نے شرکت کی ۔وزیر توانائی نے کہا کہ صرف چھ ماہ کے قلیل عرصہ میں 132کے وی کوٹ آغا سے سرانوالی ٹرانسمیشن لائن اپنے وسائل سے تعمیرگیپکو انجینئرز اور کارکنان کی فنی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کیلئے گیپکو انجینئرز و کارکنان بارکباد کے مستحق ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم این اے سیدہ نوشین افتخار نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک بھر میں بجلی کے تقسیمی نظام کو مزید بہتر اورمستحکم بنانے سمیت کئی ترقیاتی پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔ ڈسکہ سے نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی کے مطابق وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا انتخابات سے قبل ہی صفایا ہو جائے گا۔ انتخابی میدان صرف جمہوری اور محب وطن پارٹیوں کے درمیان ہوگا۔ ملکی سلامتی پر حملہ کرنے والا انتخابی عمل سے باہر ہوگا۔ ڈسکہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں شہبازشریف کی پوری کوشش ہے کہ پاکستان سے لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کو ختم کرکے اجالوں میں تبدیل کیا جائے جس کیلئے وہ دن رات کوشاں ہیں۔
خرم دستگیر
کوٹ آغا سے سرانوالی ٹرانسمیشن لائن بہترین تحفہ‘ لوڈشیڈنگ کم ہوگی: خرم دستگیر
Jun 18, 2023