کمپالا (نیٹ نیوز) غیرملکی میڈیا کے مطابق پولیس کا بتانا ہے کہ یوگنڈا میں ڈیموکریٹک ری پبلک آف کانگو کی سرحد کے پاس قائم سکول پر باغیوں نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں 40 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ لڑکیوں کے اغوا کئے جانے کا بھی خدشہ ہے۔ متعدد طلبہ جل کر اور دم گھٹنے سے ہلاک ہوئے، نعشیں ہسپتال منتقل کر دیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یوگنڈا کے ایک گروپ الائیڈ ڈیموکریٹک فورس کے ممبران کا کہنا ہے کہ سکول پر حملے میں داعش کے ملوث ہونے کا خدشہ ہے جبکہ حملہ آوروں نے عمارت کو آگ لگا دی اور کھانے پینے کا سامان لوٹ لیا۔ پولیس کے مطابق جس سکول پر حملہ کیاگیا‘ وہ نجی سکول ہے جس ڈی آر سی بارڈر سے 1.2 میل کے فاصلے پر موجود ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد سکول کے اندر سے 25 لاشوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ سکول سے نکالے جانے والے دیگر 8 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کے مطابق اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ حملے میں مرنے والوں میں کتنے طلبہ شامل ہیں۔
یوگنڈا/ حملہ