پاکستان کوتیل کی خریداری میں کوئی خصوصی رعایت نہیں دی: روس

روس نے کہاہے کہ پاکستان کو تیل کی خریداری میں کوئی خصوصی رعایت نہیں دی۔ایک امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق روس نے کہا ہے کہ اس نے پاکستان کو تیل برآمد کرنا شروع کردیا ہے اور اس کی مد میں چینی کرنسی یوآن کو بطور ادائیگی قبول کرنے پر رضا مندی ظاہر کی۔روس کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ سینٹ پیٹرز برگ میں عالمی اقتصادی کانفرنس کی سائڈ لائن پر صحافیوں سے گفتگو میں ملک کے وزیر توانائی نکولے شولگینوف نے کہا کہ پاکستان کو تیل کی ترسیل شروع ہوگئی ہے۔ ان کے اس بیان نے پاکستانی حکام کے ان دعوؤں پر سوال اٹھا دیے ہیں جن میں کہا گیا تھا کہ رواں سال کے اوائل میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت ماسکو نے اسلام آباد کو رعایتی قیمت پر تیل دینے پر اتفاق کیا ہے۔روسی وزیرِ توانائی سے جب پاکستان کے ساتھ چینی کرنسی میں تجارت سے متعلق سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا ہم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ادائیگی دوست ممالک کی کرنسیوں میں کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن