بزدار کو جیل میں ہونا چاہیے، تفتیش ہو تو ساری باتیں خود بتا دیں گے: علیم خان

Jun 18, 2023 | 14:09

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر علیم خان نے کہا ہے کہ عثمان بزدار کو اس وقت جیل میں ہونا چاہیے، ان سے پولیس یا ادارے تفتیش کریں تو وہ ساری باتیں خود بتا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جو باتیں کر رہے ہیں وہ پی ٹی آئی میں بھی سب کو معلوم ہیں۔استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ چاہیں تو شاہ محمود، شیریں مزاری اور اسد عمر سے قرآن اٹھوا کر پوچھ لیں کہ علیم خان جو کہہ رہا ہے وہ جھوٹ ہے یا سچ ہے۔علیم خان نے کہا کہ پرویز خٹک کو تو سب سے پہلے استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ  ان کی پارٹی کا منشور پی ٹی آئی والا ہوگا کیونکہ وہ منشور سب نے مل کر بنایا تھا۔علیم خان کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی الگ الیکشن لڑے گی، کسی کے ساتھ اتحاد نہیں کریں گے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ مقامی سطح پر حلقے کی سیاست کرنے والے رہنما کریں گے۔واضح رہے کہ چند روز قبل  پنجاب میں مبینہ طور پر رشوت لے کر تعیناتیاں اور تقرریاں کرنے کے الزام میں سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار سمیت 8 اہم شخصیات کے خلاف اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کیا تھا جبکہ ان کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائری بھی چل رہی ہے۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار  9 مئی واقعات کے بعد سیاست سے دستبرداری کا اعلان کر چکے ہیں،  ان کا کہنا تھا کہ 14 ماہ سے مختلف عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کررہا ہوں۔عثمان بزدار پی ٹی آئی کے دور حکومت میں تین سال سے زائد عرصے تک وزیراعلیٰ رہے اور پی ٹی آئی میں اکثر ان کی کارکردگی سے متعلق اختلافات کی خبریں سامنے آتی رہیں لیکن چیئرمین پی ٹی آئی انہیں اپنا ’وسیم اکرم پلس‘ قرار دیتے تھے۔

مزیدخبریں