وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعے کی انکوائری کی ہدایات کر دی۔تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو لوگوں کو جھانسہ دے کر خطرناک اقدامات پر مجبور کرنے والے انسانی اسمگلروں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے انسانی اسمگلنگ جیسے گھناؤنے جرم میں ملوث ایجنٹس کے خلاف فوری کریک ڈاؤن اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر ایف آئی اے نے ڈی آئی جی عالم شنواری کو واقعے میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کی معلومات و سہولت کے لیے فوکل پرسن مقرر کر دیا۔چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر نے بھی پاکستانی سفارتخانے اور یونانی حکام سے رابطے اور جاں بحق و زخمی ہونے والوں کی معلومات کے لیے فوکل پرسن تعینات کر دیا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔وزیرِ اعظم نے یونان میں پاکستانی سفارتخانے کو واقعے میں ریسکیو کیے جانے والے 12 پاکستانیوں کی دیکھ بھال کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ سالٹ رینج پر حادثات کا تواتر کے ساتھ ہونا پریشان کن ہے۔ موٹروے حکام اس امر کو یقینی بنائیں کہ موٹر وے پر چلنے والی گاڑیاں سفر کے قابل ہوں اور ڈرائیور حضرات ڈرائیونگ کے تمام معیارات پر پورے اترتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کرکے ہی سفر کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ میری ہمدردیاں اور دعائیں ان تمام خاندانوں کے ساتھ ہیں جن کے پیارے اس دردناک حادثے میں ان سے بچھڑ گئے۔