یونان کشتی حادثہ، آزاد کشمیر کا پرچم سرنگوں، یومِ سوگ آج منایا جارہا ہے

Jun 18, 2023 | 17:21

ویب ڈیسک

مظفر آباد: یونان کے نزدیک کشتی حادثے میں درجنوں پاکستانیوں اور زیادہ تر کوٹلی کے شہریوں کے انتقال پر آج آزاد کشمیر میں یومِ سوگ منایا جارہا ہے جس کے احترام میں پرچم سرنگوں رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق حال ہی میں یونان کے قریب بحیرۂ روم میں تارکینِ وطن کی کشتی ڈوب گئی. جس پر 310 پاکستانیوں سمیت 750 افراد سوار تھے۔ 12 پاکستانیوں سمیت 104 مسافروں کو ریسکیو کر لیا گیا۔اب تک سمندر سے 78افراد کی میتیں نکال لی گئی ہیں۔ 500 مسافر جو سمندر کی لہروں کی نذر ہو گئے تھے. تاحال لاپتہ ہیں، ریسکیو ٹیموں کو تارکینِ وطن کے زندہ بچ جانے کی امید کم ہے، تاہم تلاش جاری ہے۔

دوسری جانب آزاد کشمیر میں یومِ سوگ منایا جارہا ہے۔ یہ فیصلہ آزاد کشمیر کابینہ نے کیا جس کے تحت آج آزاد کشمیر کا ریاستی پرچم سرنگوں رہے گا۔کشتی ڈوبنے کا واقعہ جنوبی یونان کے ساحل کے قریب پیش آیا جس میں مجموعی طور پر 298 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے۔ تارکینِ وطن کی کشتی غیر قانونی طور پر لیبیا سے اٹلی جارہی تھی جب یہ خوفناک حادثہ پیش آیا۔

قابل ازیں یونان میں پاکستانی سفارت خانے نے تصدیق کی کہ 12 پاکستانی شہریوں کو زندہ بچایا گیا ہے۔ یونانی حکام نے اپیل کی ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے صرف والدین یا بچوں کا ڈی این اے سیمپل بھیجا جائے۔حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو کیے گئے افراد میں سے عدنان بشیر اور حسیب الرحمان کا تعلق کوٹلی سے ہے۔ دیگر 10 افراد گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، منڈی بہاؤ الدین اور سیالکوٹ سے تعلق رکھتے ہیں۔کشتی پر سوار افراد میں سے زیادہ تر کا تعلق پاکستان میں آزاد کشمیر سے تھا جن میں 43 نوجوان تھے جبکہ کشتی الٹنے کے بعد سے 500سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔ کوسٹ گارڈز کا کہنا ہے کہ واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو پیش آیا۔ 

مزیدخبریں