جارج ڈبلیو بش سبکدوش ہونے کے بعد اِن دنوں مختلف تقریبات سے خطاب کرنے کے لئے ایشیاء، یورپ اور کینیڈا کے دورے پر ہیں۔ کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں بش کے پہلے خطاب کے موقع پر تقریبا دو سو کے قریب مظاہرین نے جوتے اکٹھے کئے اور بش کی اس تقریب کے باہر ان کا پتلا رکھ کر اسے جوتے مارے۔ مظاہرین نے سابق امریکی صدر کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی اور ان کو جنگی مجرم قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ چلانے کا مطالبہ بھی کیا۔ مظاہرے میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ بش نے اپنے دور اقتدار میں نہ صرف عالمی امن کو نقصان پہنچایا بلکہ گوانتا ناموبے اور ابوغریب جیل میں انسانیت کی تذلیل بھی کی۔ واضح رہے کہ دسمبر دو ہزار آٹھ میں معروف عراقی صحافی منتظر الزیدی نے سابق امریکی صدر کے منہ پر جوتے مارے تھے تاہم یہ جوتے انہیں لگ نہ سکے۔ اس فعل پر منتظر الزیدی کو تین سال کی سزا سنائی جاچکی ہے۔