لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستانی حکمرانوں نے ریمنڈ ڈیوس کو رہا کر کے قومی غیرت کا جنازہ نکال دیا ہے۔ ہمارے حکمران امریکی غلام ہیں مگر انکی غلامی کے عملی مظاہرے نے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دےا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار معاشرے کے مختلف طبقات نے گزشتہ روز دو پاکستانیوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کو رہا کئے جانے پر کئے ہیں۔ شاہ جمال راواں کے رہائشی بزنس مین تنویر اختر نے کہا کہ حکمران قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کو تو امریکی چنگل سے آزاد نہیں کرا سکے مگر انہوں نے ریمنڈ ڈیوس کو نہایت آسانی سے آزاد کر دیا۔ نواب ٹاون کے رہائشی ملک افتخار کھوکھر نے کہا کہ پورے پاکستانی معاشرے کے لئے ریمنڈ کی رہائی نہایت دلآزاری کا باعث بنی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانیوں کے قاتل کو رہا کرتے وقت قانونی تقاضے پورے کرنے کی بجائے اسے چھوٹ دی گئی۔ نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن کے چیرمین روبینہ جمیل نے کہا کہ قومی غیرت اور ملکی وقار کی قسمیں کھانے والے حکمرانوں نے نہایت ڈھٹائی سے ریمنڈ کیس میں ایک بار پھر سیاسی الزام تراشی کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی قانون کے تحت ریمنڈ کی رہائی کے بعد اب اس پر بحث و مباحثہ ختم ہوجانا چاہئے اور ہمیں اب ملک کو در پیش مہنگائی، بےروز گاری اور کرپشن سے نجات دلانے پر آواز بلند کرنی چاہئے۔ نیشنل فیڈریشن آف پاکستان کے چیئرمین ناصر پروار نے کہا کہ کہ ریمنڈ کی رہائی نے ثابت کیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور انکے اداروں نے نورا کشتی کرتے ہوئے عوام کو بیوقوف بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہااج ہمارے سرشرم سے جھک گئے ہیں۔