پاکستان‘ بھارت سرحد پر دراندازی کے خطرات موجود ہیں‘ فوجی صلاحیتوں کو مزیدبڑھانا ہو گا: بھارتی آرمی چیف

نئی دہلی(آن لائن) بھارتی آرمی چیف جنرل وی کے سنگھ نے مقبوضہ کشمیر میں جہادی سرگرمیوں کے خاتمے کے حوالے سے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپنے فوجیوں سے کہا ہے کہ انہیں کسی بھی صورت مطمئن نہیں ہونا چاہیے پاکستان اور بھارت کی سرحد پر دراندازی جیسے خطرات موجود ہیں ہمیں ہر وقت تیار اور چوکس رہنا ہوگا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ناگ روٹا فوجی ہیڈکوارٹر زمیں ایک سکیورٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل وی کے سنگھ نے کہا کہ کشمیر میں تعینات مسلح افواج کو آپریشنل اور لاجسٹک صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے جبکہ تمام فوجیوں کو چاہیے کہ وہ اپنے مورال بلند اور اصولوں کی پاسداری کریں اور فوجی روایات اور شناخت پر آنچ نہ آنے دیں دریں اثناء ایک بھارتی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے جنرل وی کے سنگھ نے الزام عائد کیا ہے کہ فوج کے کچھ لوگ عمر کے تنازع پر ان کیخلاف سازشیں کرنے میں ملوث ہیں اور اس سلسلہ میں انہوں نے بڑے پیمانے پر رقم بھی خرچ کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کے پاس ایسے لوگوں کے شواہد موجود ہیں جنہوں نے ان کی ساکھ کو خراب کرنے کے لیے لاکھوں روپے خرچ کیے اور میرے خلاف من گھڑت کہانیاں اور خبریں چلائی گئیں اس بات کے شوائد اور ثبوت بھی موجود ہیں کہ عمر کے حوالے سے جعلی دستاویزات کیسے تیار ہوئیں اور اس سازش میں کون سے لوگ ملوث تھے۔ سازش میں ایک شخص نہیں کئی افراد ملوث ہیں اور ان کیخلاف کارروائی ہوگی فوج میں موجود ان لوگوں نے میرے خلاف سازشیں اس لیے تیار کیں کہ میں نے سازشوں کو بند کرنے کا قدم اٹھایا جس پر وہ میرے خلاف ہوگئے ۔

ای پیپر دی نیشن