عوام ووٹ کی طاقت سے بدنام، کرپٹ افراد کو مسترد کر دیں: لیاقت بلوچ

Mar 18, 2013

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے این اے 126 میں جوہر ٹاﺅن، گلبرگ، ماڈل ٹاﺅن، فیصل ٹاﺅن میں علمائے کرام اور عوامی کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک و ملت پر پانچ سال کے لیے بد انتظامی، کرپشن اور غریب دشمن نظام اپنے انجام سے دوچار ہوگیا۔ پی پی، ایم کیو ایم، اے این پی، مسلم لیگ ق اور حکمران ٹولے کی حلیف جماعتوں نے پاکستان کو اندرونی اور خارجہ محاذ پر دور رس منفی اثرات سے دوچار کر دیاہے۔ اسلامی نظریہ کو پس پشت ڈال کر بے حیائی، بد تہذیبی، کرپشن، اقربا پروری اور قومی اداروں کو نقصان پہنچانے کا سیاسی کلچر عام کر دیا گیاہے۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا خطاب حالات سے بے خبر اور عوام کے دکھوں و زخموں سے بے پرواہ لیڈر کا خطاب تھا۔ پوری قوم نے وزیراعظم کے خطاب پر سنجیدگی اور دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان میں غلبہ اسلام ہی مسائل کا حل ہے جو تعصبات اور دہشتگردی کا خاتمہ کر سکتاہے۔ پاکستان میں مدینہ منورہ کی ماڈل ریاست کا نظام عدل و انصا ف کا ضامن ہوگا۔ نظام شریعت سے تہذیبی ثقافت اور عوام کے سماجی اور معاشی مسائل حل ہوں گے۔ معاشرے میں اللہ اور رسول کی محبت ہر چیز پر بالادست ہو جائے تو اکثریت اور اقلیت کے مسائل حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اپنے منشور، انتخابی نشان ترازو اور عوام کی مسلسل خدمت، امانت و دیانت کے شاندار کریکٹر کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے گی۔ ہماری کوشش ہے کہ اچھے امیدواروں خصوصاً دینی جماعتوں کے حلقہ جات میں باہمی ٹکراﺅ نہ ہو تاکہ عوام سہولت سے اہل قیادت کا انتخاب کر سکیں۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے عبوری حکومت، عدلیہ، فوج اور انتظامیہ الیکشن کمشن آف پاکستان کی صرف مدد گار ہی نہیں تمام احکامات اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے لیے پابند ہو جائیں۔ قیادت اور نظام کی اصلاح کے لیے پارٹیاں آئین کے آرٹیکل 62-63 کے معیار کے مطابق امیدواروں کو ٹکٹ دیں اور ووٹر اپنے ووٹ کی طاقت اور اہمیت کا احساس کرتے ہوئے بدنام اور کرپٹ افراد کو مسترد کردیں۔

مزیدخبریں