حکومت 5 سال میں ایک ارب 60 کروڑ ڈالر کے ٹیکس ریونیو حاصل کرنے میں ناکام رہی

اسلام آباد(اے پی اے ) حکومت اپنے پانچ سالہ دور میں ایک ارب ساٹھ کروڑ ڈالر کے نان ٹیکس ریوینیو حاصل کرنے میں ناکام رہی، حکومت نے بجٹ میں تھری جی لائسنس کی نیلامی کی مد میں پچاسی کروڑ ڈالر اور اتصالات سے پی ٹی سی ایل کی نجکاری کی قسط کی مد میں اسی کروڑ ڈالر کے نان ٹیکس ریوینیو کے حصول کا تخمینہ لگایا تھا۔لیکن حکومت اب تک اس مد میں ایک ڈالر بھی وصول نہیں کر پائی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں اتصالات کے چیف نے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سے ملاقات میں پی ٹی سی ایل کی نجکاری کی اسی کروڑ ڈالر کی قسط کے اجرا کو پی ٹی سی ایل کی جائیدادوں کی منتقلی سے مشروط کیا ہے اور اس وقت ایک سو اکتیس جائیدادوں کی منتقلی باقی ہے۔ دوسری جانب سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے نومبر دو ہزار گیارہ میں تھری جی پالیسی کی منظوری کے بعد سے تین بار تھری جی لائسنس کی نیلامی موخر کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن