اسلام آباد (ثناء نیوز) حکومت نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے کوئلہ سے چلنے والے مزید 2 بجلی گھروں کے قیام کا منصوبہ بنا یا ہے ہر بجلی گھر سے 660 میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی۔ سرکاری ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے ایک جامع منصوبہ وضع کر لیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے مزید بجلی گھر قائم کئے جائیں گے جن سے ہزاروںمیگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت جام شورو کے مقام پر کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے دو بجلی گھر قائم کئے جائیں گے جن سے 660 میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی۔ منصوبے کی ابتدائی دستاویز مکمل کر لی گئی ہے جس کیلئے مالی امداد ایشیائی ترقیاتی بینک فراہم کر رہا ہے۔ ایک اور منصوبے کے تحت گڈانی بلوچستان میں بھی کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے دو پلانٹ لگائے جائیں گے۔