مزید 4 بچے جاں بحق‘ وزیراعظم کا تھر میں 6 ماہ کیلئے فی خاندان 10 ہزار روپے دینے کا اعلان

Mar 18, 2014

اسلام آباد + مٹھی (نمائندہ خصوصی/ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد نوازشریف نے تھر کے قحط زدہ عوام کو نقد امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ امداد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے دی جائیگی اور اس سے 78 ہزار افراد مستفید ہوں گے ۔ ان افراد کو معمول کی موجود نقد مدد سے تین گنا سے زائد رقم دی جائیگی۔ یہ امداد آئندہ 6 ماہ تک ملتی رہے گی۔ اس سے قبل وزیر خزانہ سنیٹر اسحاق ڈار کی صدارت میں اجلاس میں 10 ہزار روپے فی خاندان امداد  دینے کی سفارش کی تھی جسے وزیراعظم نے منظور کرلیا۔  انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈ افراد کو اگلے 6 ماہ تک موجودہ رقم سے 3 گنا زائد رقم ملے گی۔ یہ میکنزم صرف تھرپارکر کے متاثرین کیلئے ہوگا۔   دریں اثناء تھرپارکر میں غذائی کمی اور نمونیا کے باعث مزید 4 بچیاں  جاںبحق ہو گئیں۔ مرنیوالوں میں دو سگی بہنیں شامل ہیں نجی ٹی وی کے مطابق وجیہہ، جنت اور عاصمہ کو حالت خراب ہونے پر مٹھی کے سول ہسپتال سے سول ہسپتال حیدر آباد منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئیں جنت اور عاصمہ بہنیں تھیں۔ قحط کے باعث اب تک 181 بچوں سمیت 183 افراد دم  توڑ چکے ہیں۔ آن لائن کے مطابق تھر متاثرین کو امداد کی تقسیم میں بدعنوانی کا انکشاف ہوا، انسپکٹنگ جج کا کہنا ہے کہ 'ڈیپلو' میں موجود 50 فیصد سے زائد گندم مستحق افراد کو نہیں پہنچائی گئی۔ تحصیل ڈیپلو میں محکمہ فوڈ اور مختیارکار کے دفاتر پر سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے مقرر کیے گئے انسپکٹنگ جج میاں فیاض ربانی نے چھاپے مارے۔ اس دوران گندم فراہمی کا تمام ریکارڈ ضبط کرلیا گیا، میاں فیاض ربانی کا کہنا ہے کہ 50 فیصد سے زائد گندم کی تقسیم میں بدانتظامی پائی گئی ہے، محکمہ خوراک کے 255 ڈیپو کیپرز میں سے کسی نے گندم تقسیم کا ریکارڈ جمع نہیں کرایا۔ اس سے پہلے اسسٹنٹ سیشن جج میاں فیاض ربانی نے ایک سرکاری گودام پر چھاپہ مارا تو وہاں گندم کی 600 بوریاں موجود تھیں۔ محلہ بجیر میں بھی ایک سرکاری سکول میں گندم کی کئی بوریاں تھیں سکول کو تالا ڈال کر بند کردیا گیا تھا۔ تھرپارکر میں امدادی کاموں کیلئے انچارج مقرر کیے گئے تاج حیدر نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ تھرپارکر کے گوداموں میں گندم کو ذخیرہ کیا گیا ہے۔ مستحقین میں 66ہزار گندم کی بوریوں کی فراہمی کا عمل جاری ہے جو دو دن میں مکمل ہو جائے گا  22 ہزار بوریوں کی فراہمی اس کے بعد شروع کی جائے گی۔ تاج حیدر کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ 74 ہزار خاندانوں کو گندم فراہمی کا عمل مکمل ہوچکا ہے  44 ہزار بوریاں آئندہ دو سے تین روز میں تقسیم کردی جائیں گی۔

مزیدخبریں