لاہور (خصوصی رپورٹر) (ق) لیگ کے سینئر مرکزی رہنما اور سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال روک کر گوجرانوالہ ڈویژن کی ایک کروڑ سے زائد آبادی کو سزا دی جا رہی ہے۔ چھ سال سے ہسپتال کی بلڈنگ مکمل ہو چکی ہے‘ لیکن بلڈنگ تباہ اور مشینری خراب ہو رہی ہے۔ پنجاب حکومت میرا منصوبہ ہونے کی وجہ سے چلنے نہیں دے رہی اور کارڈیالوجی ہسپتال کو جنرل ہسپتال میں تبدل کیا جا رہا ہے حالانکہ یہاں دل کے ہسپتال کی اشد ضرورت ہے۔ بڑا انتظار کر لیا‘ لیکن حکومت نے عملی طورپر کوئی کام نہیں کیا۔ اس لئے سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔ وہ گزشتہ روز عزیز بھٹی ہسپتال میں چودھری ظہور الٰہی بلاک کے معائنہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ پرویزالٰہی نے مسلم لیگیوں کے اتحاد کے سوال کے کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ جنہوں نے اتحاد کیلئے کوششیں کیں‘ انہیں بھی یہی جواب ملا ہے کہ جماعت کو ضم کیا جائے اس لئے اب اتحاد کیلئے کوئی کوشش نہیں ہو رہی۔ چودھری پرویزالٰہی نے نرسز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کی خدمت کرنے والی نرسوں سے ڈاکوئوں جیسا سلوک کیاگیا ہے۔ قوم کی بیٹیوں پر پولیس سے تشدد کروایا گیا ہے اس کی مذمت کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں (ق) لیگ کے صدر سنیٹر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستانی مدرسوں میں کوئی تخریب کاری کی تربیت نہیں دی جاتی اور نہ ہی کوئی تخریب کار دینی مدرسوں میں زیرتعلیم ہے، بغیر کسی ثبوت کے غیرملکی طلباء کو گرفتار کرنا غلط ہے۔ اپنے دورحکومت میں ہم نے تما م مدرسوں میں تعلیم حاصل کرنے والے غیرملکی طلباء کی جانچ پڑتال کی تھی اور کوئی ایسے شواہد نہیں ملے جس سے پتہ چلتا ہو کہ غیرملکی طلباء پاکستان میں تخریب کاری کے عمل میں ملوث پائے گئے ہوں۔ اسلامی ممالک کے طلباء یہاں تخریب کاری نہیں بلکہ دینی تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں اس لئے ان پر شک کرنا یا ناجائز طریقے سے ان کو تنگ کرنا درست نہیں۔ علاوہ ازیں شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر بھارتی سینئر اداکار رضا مراد اور اہلیہ ثمینہ نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ شجاعت حسین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فنکاروں کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ دونوں ملکوں کی عوام کو قریب لانے میں جو کام فنکار کر رہے ہے‘ وہ سفیروں کا ہے۔ اس موقع پر شجاعت حسین نے بھارتی اداکار رضا مراد کے ذریعے بھارتی اداکار امیتابھ بچن کو دورہ ٔپاکستان کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ امیتابھ بچن پاکستان میں ذاتی طور پر میرے خصوصی مہمان ہوں گے۔ رضا مراد نے کہا کہ میرے پاس وہ الفاظ نہیں کہ میں کیسے چودھری شجاعت حسین کا شکریہ ادا کروں۔ اس موقع پر رضا مراد کی اہلیہ ثمینہ نے چودھری شجاعت حسین کو بھارت کا دورہ کرنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔
وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال پر کام نہیں ہوا‘ سپریم کورٹ جائیں گے: پرویزالٰہی
Mar 18, 2014