کراچی (سالک مجید) وزیراعظم نواز شریف نے ناراض مسلم لیگیوں اور اتحادیوں کو منانے کا عمل تیز کردیا ہے اور بااعتماد ساتھیوں کو ٹاسک سونپا ہے کہ وہ ملک بھر میں ناراض لیگی رہنمائوں‘ عہدیداروں سابقہ وزیروں ارکان اسمبلی اور اتحادیوں کے گلے شکوے دور کرنے کیلئے تیار ہیں لہٰذا انکے ساتھ رابطے کئے جائیں اور ملاقات کا اہتمام کیا جائے، انکو وزیراعظم نوازشریف خود منائیں گے اور تحفظات دور کردیئے جائیں گے، انکے گلے شکوے دور کرکے انکو اعتماد میں لیکر اہم سیاسی و انتظامی فیصلے کئے جائیں گے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نوازشریف کی خصوصی ٹاسک ٹیم نے منگل کو پہلی بڑی کامیابی حاصل کرلی جس کے نتیجے میں وفاقی وزیر غلام مرتضی جتوئی نے اپنے مستعفی ہونے کا فیصلہ واپس لے لیا اور وزیراعظم نوازشریف سے بالمشافہ ملاقات کرکے اکھٹے سیاسی سفر جاری رکھنے کا عزم کیا۔ انہوں نے استعفیٰ واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے وزارت پروڈکشن و انڈسٹریز کے فرائص فوری طور پر سنبھال لئے۔ صباح نیوز کے مطابق امیر مقام نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔ نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں لوگوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اپنے ترقی کے وژن پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ لوگوں کو ایکدوسرے کے قریب لانے، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، روزگار کے مواقع میں اضافے کیلئے سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے اضافی بجلی قومی گرڈ میں شامل کی جا رہی ہے۔
ناراض رہنمائوں، اتحادیوں کو منانے کا عمل تیز، مرتضیٰ جتوئی کی نوازشریف سے ملاقات، استعفیٰ واپس
Mar 18, 2015