لاہور (نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) سانحہ یوحنا آباد میں جلائے گئے دوسرے شخص کے اہلخانہ نشتر ٹائون تھانے پہنچ گئے۔ جلائے گئے شخص کی شناخت بابر نعمان کے نام سے ہوئی ہے۔ ورثاء کا کہنا ہے کہ بابر نعمان سرگودھا کا رہائشی تھا اور دو روز پہلے لاہور آیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شناخت کیلئے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائیگا۔ ورثاء نے بتایا کہ میڈیا میں تصویر دیکھ کر پہنچے ہیں۔ بابر نعمان کو بے گناہ قتل کیا گیا۔ بعدازاں جلائے گئے شخص کو میانی صاحب کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق تدفین سے پہلے ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے نمونے حاصل کرلئے گئے۔ دریں اثناء سانحہ یوحنا آباد میں مشتعل مظاہرین کے ہاتھوں جلائے جانے والے دوسرے نامعلوم نوجوان کی مبینہ طور پر شناخت کا معمہ حل ہو گیا۔ لواحقین میڈیا پر دکھائی جانے والی فوٹیج دیکھ کر تھانہ نشر کالونی پہنچ گئے ، مگر پولیس کی جانب سے ان کو کوئی مثبت جواب نہ مل سکا۔ لواحقین کا دعویٰ تھا کہ جلائے جانے والا نوجوان ان کا 19سالہ بیٹا بابرنعمان ہے جو کہ سرگودھا کا رہائشی اور گجومتہ میں ہوزری کی فیکٹر ی میں ملازم تھا وہ چند روز قبل لاہور آیا تھا اور اتوار کے روز سے غائب تھا۔ اس سلسلے میں پولیس کا کہنا ہے گزشتہ دوپہر کو ایک شخص تھانے میں آیا اسکا کہنا تھا کہ مظاہرین کے ہاتھوں جلائے جانیوالا دوسرا نوجوان اس کا بیٹا بابر نعمان ہے جس پر پولیس نے مذکورہ شخص کو کہا کہ وہ اسکے لاپتہ ہونے کی درخواست دے۔ بابر نعمان کی شناخت کے حوالے سے تھانہ نشتر کالونی پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا، اصل حقائق ڈی این ٹیسٹ پر ہی سامنے آئیں گے۔