راولپنڈی (صباح نیوز) اکبر بگٹی قتل کیس میں پرویز مشرف پھر پیش نہ ہوئے۔ ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی گئی ، عدالت نے سابق صدر کو چھ اپریل کو میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ کیس کی سماعت کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج آفتاب احمد لون نے کی۔ اس موقعہ پر ڈی جی ہیلتھ بلوچستان فاروق اعظم جان نے رپورٹ پیش کی جس میں کہا گیا کہ پرویز مشرف سکیورٹی کے باعث میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ سابق صدر کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ انکے موکل کا نواب اکبر بگٹی کے قتل سے کوئی تعلق نہیں، سندھ حکومت سکیورٹی فراہم کرے تو وہ میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش ہونے کیلئے تیار ہیں ، عدالت نے سیکرٹری داخلہ سندھ کو پرویز مشرف کو سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت آٹھ اپریل تک ملتوی کر دی۔