ریاض(اے ایف پی) سعودی عرب میں ایک پاکستانی سمیت3 افراد کے سر قلم کردئیے گئے، اس طرح رواں سال سعودی عرب میں سرقلم کیے جانے والے افراد کی تعداد 48 ہوگئی۔ سزائے موت دئیے جانے والے 2 افراد سعودی شہری تھے۔ پاکستانی شہری ممتاز حسین کا سر مدینہ منورہ میں ہیروئن سمگلنگ کے الزام میں قلم کیا گیا۔ سعودی شہر نجربن فراج العتیبی کو طائف میں ایک شخص کو تشدد کرکے مارنے پر سزائے موت دی گئی۔ ایک دوسرے سعودی شہری معید بن علی بن معید السعد القحطانی کو قتل کے جرم میں مشرقی صوبے میں سزائے موت دی گئی۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ دونوں سعودی شہریوں کی سزا کو مقتولین کے بچوں کے بڑے ہونے تک موخر کیا گیا تھا تاکہ وہ ان کی سزا کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کرسکیں۔ سعودی عرب میں گزشتہ سال 87 افراد کا سر قلم کیا گیا تھا۔ گزشتہ سال کے اس عرصے میں سعودی عرب میں سر قلم کیے جانے والے افراد کی تعداد رواں سال کی تعداد سے نصف تھی۔
سعودی عرب: ایک پاکستانی سمیت 3 افراد کے سر قلم
Mar 18, 2015