ایڈیلیڈ (سپورٹس رپورٹر) عالمی کپ 2015ء کے کوارٹر فائنل میچ سے قبل قومی ٹیم کو دھچکا لگ گیا۔ فاسٹ بائولر محمد عرفان کولہے کی ہڈی میں سٹریس فریکچر کی وجہ سے میگا ایونٹ سے آئوٹ ہو گئے۔ عرفان کے متبادل کے کھلاڑی کا فیصلہ ایڈیلیڈ میں 20 مارچ کو کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل میچ کے بعد کیا جائیگا۔ فاسٹ بائولر گذشتہ ڈیڑھ ہفتے سے کولہے کی ہڈی میں سٹریس فریکچر کا شکار تھے، اسی وجہ سے انہیں آئرلینڈ کے خلاف میچ میں نہیں کھلایا گیا تھا۔ آسٹریلیا میں موجود پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے ایڈیلیڈ میں عرفان کا ایم آر آئی سکین کرایا جس کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ انہیں مکمل ٹھیک ہونے میں کم از کم ڈیڑھ ہفتے آرام کی ضرورت ہے جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے منگل کے روز ان کا ایک اور ایم آر آئی ٹیسٹ کرایا جس میں ایک مرتبہ بھر رزلٹ وہی آیا۔ جس پر ٹیم مینجمنٹ نے گذشتہ روز ایڈیلیڈ میں ہنگامی میٹنگ بلا کر قومی کھلاڑیوں کی فٹنس کے حوالے سے کرکٹ بورڈ کو آگاہ کر دیا۔ ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ کے مطابق عرفان کے متبادل کھلاڑی کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ قومی ٹیم پرسوں ایڈیلیڈ میں کھیلے جانیوالے کوارٹر فائنل میچ کیلئے حتمی ٹیم کا انتخاب باقی 14 کھلاڑیوں میں سے ہی کریگی۔ قومی ٹیم اگر آسٹریلیا کے خلاف میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل میں پہنچتی ہے تو پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی جائیگی کہ عرفان کے متبادل کھلاڑی کا بندوبست کرے۔ انکا کہنا تھا کہ متبادل کھلاڑی کون ہوگا اس بات کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔دوسری طرف قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے فاسٹ بولر عرفان کے زخمی ہونے کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کو بہت بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرفان ایک ایسا بائولر ہے جو ورلڈکپ میں شامل دیگر بائولرز سے بہت مختلف تھا لیکن ہمیں اب اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔ ہماری ٹیم اپنے مرکزی بائولنگ اٹیک سے محروم ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس سے قبل انجری کے سبب عمر گل اور جنید خان سے بھی محروم ہوچکے ہیں، اب جبکہ ہم نے بہتر پرفارم کرنا شروع کیا تو انجریز نے ہمیں بری طرح نقصان پہنچایا ہے لیکن ہم اس سے نمٹنے کا کوئی حل ڈھونڈ لیں گے۔ انہوں نے کہا اگر پاکستان کوارٹر فائنل میں فتح حاصل کرتا ہے تو یقینی طور پر جنید خان کو عرفان کے متبادل کے طور پر طلب کیا جائیگا۔ ادھر قومی ٹیم کے فزیوتھراپسٹ بریڈ روبنسن نے بھی عرفان کی انجری کے باعث ورلڈکپ سے باہر ہوگئے ہیں۔
پاکستانی ٹیم کو بڑا دھچکا، محمد عرفان انجری کے باعث ورلڈ کپ سے آئوٹ
Mar 18, 2015