سڈنی (آئی این پی) 11ویں آئی سی سی ورلڈکپ کا کوارٹر فائنل مرحلہ (آج) بدھ سے شروع ہو گا‘ پہلا کوارٹر فائنل سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے شروع ہو گا۔ یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔ پول اے سے کوالیفائی کرنی والی سری لنکا کی ٹیم نے پول سٹیج میں چھ میچ کھیلے جن میں سے دو میں اس کو شکست اور چار میں کامیابی حاصل ہوئی۔ٹورنامنٹ کے اس مرحلے میں سری لنکا نے آٹھ پوائنٹ حاصل کیے اور اس کا اوسط رن ریٹ 0.37+ رہا۔ پول بی سے کوالیفائی کرنے والی جنوبی افریقہ کی ٹیم نے بھی چار فتوحات کے ساتھ آٹھ پوائنٹ حاصل کیے اور اس کا اوسط رن ریٹ 1.71+ رہا جو اس کے حریف سری لنکا سے کافی بہتر ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان ایک کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔میگا ایونٹ کا دوسراکوارٹر فائنل 19مارچ کو بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان میلبورن کرکٹ گرائونڈمیں کھیلا جائے گا۔یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8بجے شروع ہوگا۔یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔بھارت جس نے پول بی سے کوالیفائی کیا ہے ٹورنامنٹ کے اس مرحلے میں ناقابلِ شکست رہا۔ بھارت کو 12 پوائنٹس حاصل ہیں اور اب تک اس کا اوسط رن ریٹ 1.83+ ہے۔بنگلہ دیش کی ٹیم پول مرحلے میں تین میچ جیتنے میں کامیاب رہی، دو میں اس کو شکست ہوئی اور ایک میچ بغیر فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا۔بنگلہ دیش کے سات پوائنٹس ہیں اور اس کا اوسط رن ریٹ 0.14+ ہے۔ماہرین اس مقابلے میں بھارت کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں۔تیسرا کوارٹرفائنل 20مارچ کو آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان ایڈیلیڈاوول میں کھیلا جائے گا۔یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8بجے شروع ہو گا۔ یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔