کوارٹر فائنلز‘میچ نہ ہونے پر بہترپوائنٹس ‘رن ریٹ والی ٹیم فاتح ہو گی

Mar 18, 2015

ایڈیلیڈ (سپورٹس رپورٹر ) ورلڈ کپ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ بارش یا خراب موسم کے باعث نہیں ہو پاتا تو آسٹریلین ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔میچزکیلئے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے لیکن اگر کوئی میچ بارش سے متاثر ہوتا ہے تو فاتح وہ ٹیم قرار پائے گی جسکے گروپ میچوں میں زیادہ پوائنٹ ہونگے ۔آسٹریلیا نے گروپ میچوں میں چار فتوحات اور ایک بارش کی نذر ہونے کے باعث نو پوائنٹس حاصل کیے تھے جبکہ پاکستان نے چار فتوحات کے ساتھ آٹھ پوائنٹس حاصل کیے۔جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان کوارٹر فائنل بے نتیجہ رہتا ہے تو پروٹیز سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گے، دونوں ٹیموں نے گروپ میچز میں چار فتوحات کے ساتھ آٹھ آٹھ پوائنٹس حاصل کیے تھے لیکن جنوبی افریقہ کا اوسط سری لنکا سے بہتر ہے۔اس فارمولے کے تحت ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کوارٹر فائنل میں ہندوستان جبکہ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ میں میزبان نیوزی لینڈ کو فاتح قرار دیا جائے گا۔

مزیدخبریں