آسٹریلیا کی شاہینوں کو فیلڈنگ کے جال میں پھنسانے کی حکمت عملی تیار

Mar 18, 2015

ایڈیلیڈ (سپورٹس رپورٹر )ورلڈ کپ فیورٹ آسٹریلیا نے پاکستان کو ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں زیر کرنے کے لیے منصوبہ تیار کر لیا ہے اور شاہینوں کو فیلڈنگ کے جال میں پھنسانے کی حکمت عملی تیار کی ہے۔چار مرتبہ کی ورلڈ چیمپیئن آسٹریلیا کو امید ہے کہ وہ اپنی فیلڈنگ کے ذریعے میچ میں فرق پیدا کریںگے۔ آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ کے ہوٹل میں اپنے کھلاڑیوں کے لئے ایک سیشن کا انعقاد کیا جس میں کھلاڑیوں کو ماضی کے عظیم کھلاڑیوں کی غیر معمولی فیلڈنگ کی جھلکیاں دکھائیں اور انہیں بتایا گیا کہ آپ سے پہلے یہی آسٹریلیا کے ٹیم کے ہیرو تھے۔آسٹریلیا کے فیلڈنگ کوچ گریگ بلیوٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ہماری ٹیم اپنی پھرتیلی فیلڈنگ سے پاکستان کو حیران کر دے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان فرق فیلڈنگ کا ہے اور ہمیں اپنی فیلڈنگ کی وجہ سے ایڈوانٹیج حاصل ہے۔ ڈیرن لی مین جب سے آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ بنے ہیں ان کی اولین ترجیح فیلڈنگ کے معیار کو ورلڈ کلاس اور مثالی بنانا ہے۔آسٹریلیا کی جانب سے 46ٹیسٹ اور 32 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والے بلیویٹ نے کہا کہ اس وقت ہمارے خیال سے نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی فیلڈنگ سب سے اعلیٰ ہے، ہمیں احساس ہے اس لئے ہم ان ملکوں کے قریب ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر ٹیم کو فیلڈنگ کا احساس ہے، خاص طور پر اب جبکہ ناک آو¿ٹ مرحلہ شروع ہورہا ہے اس لیے اب غلطی کی بالکل بھی گنجائش باقی نہیں رہ جاتی۔

مزیدخبریں