پشاور (آئی این پی + نوائے وقت نیوز) پشاور میں بس دھماکے میں شہید ہونے والوں کو ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ علاقہ کی فضا سوگوار رہی‘ دھماکے میں شہید ہونے والے 6 افراد محمد انعام، ریاض خان، محمد اسماعیل، محمد سیف، محمد ارشد اور شاہد علی کا تعلق مردان کی تحصیل تخت بھائی سے تھا۔ انہیں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ مالاکنڈ ایجنسی تحصیل درگئی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 3 شہدا حسین خان، ارشد علی اور محمد انور کی تدفین بھی کر دی گئی۔ شہدا کی نماز جنازہ میں پاک فوج کے حکام اور سیاسی و سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دوسری جانب دھماکے کی تحقیقات کیلئے پولیس افسران اور سی ٹی ڈی اہلکاروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ ٹیم نے تفتیش کیلئے ملاکنڈ انتظامیہ سے بھی مدد مانگ لی۔ مشترکہ ٹیم نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ زخمیوں کے بیانات قلمبند کر لئے گئے ہیں جبکہ مزید تحقیقات کیلئے ملاکنڈ انتظامیہ سے بھی تعاون مانگ لیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے بس میں سوار افراد کے کوائف جمع کرنا شروع کر دیئے ہیں جبکہ درگئی میں واقع فلنگ سٹیشن کے ملازمین سے بھی تحقیقات کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق دہشتگردی کا نشانہ بننے والی بس درگئی کے فلنگ سٹیشن پر رات بھر کھڑی رہی تھی۔ دوسری جانب دھماکے کے نو زخمی ابھی بھی لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ دھماکے میں بس کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا تھا جس کی حالت اب پہلے سے بہتر ہے۔
پشاور: بس دھماکے کے شہدا سپرد خاک‘ فضا سوگوار‘ مشترکہ ٹیم نے تحقیقات شروع کر دی
Mar 18, 2016