لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش،ژالہ باری‘ چھتیں گرنے سے 6 جاں بحق، سینکڑوں فیڈرز ٹرپ

Mar 18, 2016

لاہور (کامرس رپورٹر+ نمائندگان+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور سمیت پنجاب، خیبر پی کے کے بیشتر علاقوں میں بارش، ژالہ باری، چھتیں گرنے سے بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہوگئے۔ پنجاب اور خیبر پی کے کے بیشتر علاقوں میں بارش اور ژالہ باری سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز کے سینکڑوں فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ لاہور میں ہونے والی بارش سے مختلف اوقات میں 42 فیڈرز ٹرپ ہوئے جن کی بحالی بارش رکنے کے بعد کر دی گئی۔ بارش کے باعث بجلی کی ڈیمانڈ میں کمی ہو گئی۔ شارٹ فال میں ایک ہزار سے زائد کی کمی ہو گئی۔ شارٹ فال کم ہو جانے کے باعث لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کر دیا گیا مرمت کے نام پر بجلی کی بندش کا سلسلہ بند رہا۔ گزشتہ روز شہروں میں آٹھ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں دس سے بارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔ انڈسٹریز کے لئے بجلی کی بلا تعطل فراہمی کا سلسلہ جاری رہا۔ علاوہ ازیں حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد شہر اور اسکے گردو نواح میں گذشتہ رو زبھی دن بھر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ شروع رہا۔ جس سے موسم ایک بار پھر سرد ہو گیا۔ مردان میں مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاںبحق فیصل آباد میں 6 افراد جبکہ سمبڑیال میں 2 کمسن بچیاں زخمی ہو گئیں۔ بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا، بعض شہروں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ لاہور اور اس کے گرد و نواح میں موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ چکوال، جہلم، گجرات، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، سرگودھا، شیخوپورہ، چیچہ وطنی‘ گوجرانوالہ اور دریا خان میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ بالائی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی، کشمیر،گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلا، بٹگرام، پشاور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، صوابی اور مالاکنڈ میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہی۔ مردان کے علاقے تخت بھائی میں مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد بھی جاں بحق ہوگئے۔ فیصل آباد کے محلہ یونس ٹائون میں عبدالحمید کے گھر کی خستہ حال چھت بارش کے سبب اچانک دھماکے سے زمین بوس ہوگئی کمرہ میں موجود عبدالحمید ‘محمود‘علی ‘طاہر اور پرویز ملبے تلے دب گئے جنہیں ریسکیو 1122کی امدادی ٹیموں نے نکال کر سول ہسپتال داخل کروا دیا جہاں زخمیوں کی حالت تسلی بخش بنائی جارہی ہے۔ سمبڑیال کے محلہ واٹر ورکس کے رہائشی محمد اصغر کے مکان کی چھت گرنے سے اس کی دو کمسن بچیاں ماہ نور اور زینب زخمی ہوگئیں۔ گھر میں تمام سامان ملبہ کا ڈھیر بن گیا۔صوابی میں جمال آباد صوابی میں مکان گرنے سے گیارہ سالہ بچی جاں بحق جبکہ والدہ، ایک بہن اور بھائی زخمی ہو گئے۔ امتیاز ولد خان رازق سکنہ جمال آباد جونترو نے تھانہ صوابی میں ایف آئی آر درج کراتے بتایا جمعرات کی علیٰ الصبح ان کے گھر کے ایک کمرے کی چھت گر گئی جس کے ملبے تلے آکر اس کی گیارہ سالہ بیٹی ثانیہ موقع پر جاں بحق جب کہ اس کی بیوی، ایک اکیس سالہ بیٹی اور تیرہ سالہ بیٹا نسیم زخمی ہو گیا۔تخت بھائی کے نواحی علاقہ میں گھر کی دیوار گرنے سے جماعت سوم کی طالبہ دس سالہ کمسن بچی لقمہ اجل بن گئی گھر میں ماتم مچ گیا۔ شاہ نور پل مسلم آباد میں عمران کے گھر کی دیوار گرنے سے انکی جگر گوشہ گورنمنٹ پرائمری سکول شاہ نور پل جماعت سوم کی طلبہ 10سالہ حفصہ دیوار کے ملبے تلے دب گئی۔ موقع پر جاں بحق ہوگئی۔ علاوہ ازیں اسلام آباد سے آن لائن کے مطابق محکمہ موسمیات نے مزید تین روز تک بارشوں کی پیشن گوئی کر دی ہے۔

مزیدخبریں