نیوکلیائی سلامتی کی تیسری سربراہ کانفرنس میں وزیراعظم کی شرکت کی تیاریاں

اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) نیوکلیائی سلامتی کی تیسری سربراہ کانفرنس میں وزیر اعظم نواز شریف کی شرکت کی تیاریاں تین مقامات پر زور و شور سے جاری ہیں۔ کانفرنس سے ایک روز پہلے اکتیس مارچ کو شرکاء کیلئے ترتیب دی گئی استقبالیہ تقریب کے دوران وزیراعظم نواز شریف کی اوباما سے ملاقات ہو گی جبکہ قوی امکان ہے کہ اسی شام یا اگلے روز ان کی بھارتی ہم منصب نریندرا مودی سمیت کم از کم دو سربراہان حکومت کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں ہوں گی۔ مستند ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں دفتر خارجہ، واشنگٹن میں پاکستان کا سفارتخانہ اور راولپنڈی میں سٹریٹجک پلانز ڈویژن، واشنگٹن میں نیوکلیائی سلامتی کے موضوع پر منعقد ہونی والی تیسری اور آخری سربراہ کانفرنس وزیراعظم کی شرکت کیلئے تیاری کر رہے ہیں۔ پاکستان کی نیشنل کمانڈ اتھارٹی، اس مسودہ قرارداد کی پہلے ہی توثیق کر چکی ہے جو واشنگٹن کانفرنس میں منظور کی جائے گی۔ وزیراعظم اس کانفرنس سے خطاب میں جوہری سلامتی کیلئے پاکستان کی طرف سے اب تک کئے گئے اقدامات کی تفصیل پر روشنی ڈالیں گے۔ ایٹمی عدم پھیلائو کے معاہدوں میں روا رکھے گئے امتیازی سلوک کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے مضمرات گنوائیں گے اور نیو کلیئر سپلائرز گروپ میں پاکستان کے شامل کرنے کے حق میں دلائل دیں گے۔

ای پیپر دی نیشن