اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق آئی جی اسلام آباد آفتاب احمد چیمہ کو ترقی نہ دینے کے خلاف دائر کیس میں وفاق کو انکوائری رپورٹ پیش کرنے کے لئے دوبارہ مہلت دیتے ہوئے سماعت 22 مارچ تک ملتوی کر دی۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ عدالت انصاف کے تمام تقاضے پورے کرے گی۔ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دے گی۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آفتاب چیمہ کو انکوائری میں کلیئر کر دیا گیا ہے۔ ترقی نہ دینے کا اب کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ ترقی روکنے کی صرف ایک وجہ تھی جو انکوائری مکمل ہونے پر ختم ہو گئی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس طرح تو ایک نیا پنڈورا بکس کھل جائے گا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ عدالت آئین و قانون کے اندر رہتے ہوئے فیصلہ دیتی ہے۔ بہتر ہے کہ آپ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سے بات کر لیں۔
سابق آئی جی کی ترقی، انصاف کے تقاضے پورے کرینگے، زیادتی نہیں ہو گی: ہائیکورٹ
Mar 18, 2016