اسلام آباد (آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستانی برآمدات میں اضافے کے لئے فیشن اور ڈیزائننگ کے شعبوں پر بھر پور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس سے قومی معیشت میں استحکام پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ ملک میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور تعلیم کا معیار بھی بہتر ہوگا، دہشت گردی اور انتہا پسندی کی وجہ سے ہمارے نوجوان مایوسی کا شکار ہیں، ان کی مایوسی کو امید میں بدلنے کے لئے محنت سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن کے اساتذہ و دیگر عملے کے معاوضوں میں اضافے کے جلد سفارشات تیار کی جائیں۔ وہ گزشتہ روز پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن کی سینٹ کے پانچویں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت اور انسٹی ٹیوٹ کے پرو چانسلر انجینئرخرم دستگیر، سینیٹر روبینہ خالد، رکن قومی اسمبلی شیریں ارشد خان اور وفاقی سیکرٹری کامرس بھی موجود تھے۔ اجلاس میں پی آئی ایف ڈی کی سالانہ رپورٹ اور آئندہ سال کے بجٹ کی منظوری بھی دی گئی۔ صدر نے کہا کہ پاکستان میں فیشن اور ڈیزائن کی تعلیم ایک نیا تصور ہے جس پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ قومی ترقی اور معیار تعلیم میں اضافے کے لئے ضروری ہے اساتذہ مالی مسائل سے دوچار نہ ہوں اور انھیں ان کی ضروریات کے مطابق معاوضے دیئے جائیں۔
برآمدات بڑھانے کیلئے فیشن، ڈیزائننگ کے شعبوں پر توجہ کی ضرورت ہے: صدر ممنون
Mar 18, 2016