سری نگر (اے این این+ این این آئی) مقبوضہ کشمیر کے علاقے پامپور میںآپریشن ختم ہونے کے بعد بھارتی فوج کی جانب سے علاقے میں کرفیو جیسی پابندیاں، مشتعل افراد تمام رکاوٹیں توڑ کر مارکیٹوں میں جا پہنچے، خریداری میں مصروف کشمیریوں پر بھارتی فوجی اہلکاروں کی فائرنگ، 15 زخمی، متعدد کو حراست میں لے کر تھانوں میں بند کردیاگیا، علاقے بھر میں دفعہ144 نافذ، سانبہ میں بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں بی ایس ایف کا ایک اہلکار ہلاک، تین زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے پامپور قصبہ میں کرفیو جیسی بندشوں کے باوجود مظاہرین اور فورسز کے مابین شدید نوعیت کی جھڑپوں کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 15مظاہرین زخمی ہوگئے۔ ایک طرف ای ڈی آئی میں فورسز اور جنگجوئوں کے مابین تصادم آرائی اور دوسری جانب پامپور قصبے اور اس کے گردونواح میں شدیداحتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور دیگر حریت رہنمائوں میرواعظ عمر فاروق، شبیر احمد شاہ اور محمد یاسین ملک نے بھارتی ریاستوں راجستھان اور مغربی بنگال میں کشمیر طلباء پر پولیس اور ہندو انتہا پسندوں کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے ایک بیان میںبھارت کے مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم کشمیری طلباء کو ہراساں کئے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میں شہر کولکتہ میں پولیس کی طرف سے کالجوں کو کشمیری طلباء کے کوائف فراہم کرنے کی ہدایت جاری کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ بھارت کا کوئی علاقہ کشمیریوں کے لئے محفوظ نہیں ہے اور انہیں ہر جگہ ہراساں اور پریشان کیا جارہا ہے۔ بیان میں مغربی بنگال کی حکومت کوشدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خبردار کیاگیا کہ اگر کشمیری طلباء کو ہراساں کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند نہ کیا گیاتوکشمیر میں اس کا سخت ردّعمل ہوگا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ کشمیر ایک سلگتا ہوا مسئلہ ہے جس سے پورے خطے کا امن خطرات سے دوچار ہے، مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ہی پاکستان بھارت قیادتوں کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرے گا، پاکستان اوربھارت کی سیاسی قیادت کی جانب سے کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل کے ضمن میں مذاکراتی عمل کی بحالی کو سیاسی دور اندیشی ہے۔ حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ قربانیاں دینا آسان کام نہیں، انہی کی بدولت منزلوں کا تعین ہوتا ہے، شہداء کے مشن کو ادھورا نہیں چھوڑیں گے، حریت پسند قائدین اپنے درمیان کالی بھیڑوں پر نظر رکھیں۔
مقبوضہ کشمیر: کشمیری پابندیاں توڑ کر خریداری کیلئے مارکیٹ پہنچ گئے‘ فوج کی فائرنگ‘ 15 زخمی
Mar 18, 2016