چھٹے آئی سی سی ورلڈ کپ ٹی 20 سپر ٹین مرحلے کا سب سے بڑا میچ ہفتہ کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ایڈن گارڈن کولکتہ میں کھیلا جائیگا، پاکستانی تمام شائقین یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 7 بجے دیکھ سکیں گے۔ میچ کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے۔ پاکستان کی ٹیم سپر ٹین مرحلہ کے گروپ 2 میں بنگلہ دیش کی ٹیم کو 55 رنز سے شکست دے کر دو پوائنٹ حاصل کر چکی ہے جبکہ بھارت کی ٹیم جو گروپ 2 میں پاکستان کے ساتھ شامل ہے کو اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 47 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس کا کوئی پوائنٹ نہیں۔ بنگلہ دیش کے خلاف میچ جیتنے کی وجہ سے قومی ٹیم کا مورال بلند ہے لیکن بھارت کی ٹیم نے ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کو شکست دی تھی۔ پاکستان کو باﺅلنگ اور بھارت کو بیٹنگ میں برتری حاصل ہے۔ قومی ٹیم میں خرم منظور کی جگہ احمد شہزاد کی واپسی سے ٹا پ آرڈر بیٹنگ لائن مضبوط ہوئی ہے جس کا فرق پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچ میں نظر آیا۔ فاسٹ باﺅلر محمد عامر کی وجہ سے پاکستان کا باﺅلنگ اٹیک کافی مضبوط نظر آرہا ہے۔ بھارت کی ٹیم متوازن ہے جبکہ پاکستانی ٹیم کو ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کا مسئلہ ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین 2007ءسے 2016ءتک 7 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گئے جس میں سے پاکستان نے ایک میچ جیتا جبکہ بھارت کی ٹیم نے 5 میں کامیابی حاصل کی اور ایک میچ ٹائی ہوا۔ بھارت کی سر زمین پر دونوں ٹیموں کے مابین دو ٹی ٹونٹی میچز ہوئے جس میں سے ایک میں پاکستان نے اور ایک میں بھارت نے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان اور بھارت کے مابین اب تک ہونے والے ورلڈ ٹی ٹونٹی میچز میں بھارت کی ٹیم ناقابل شکست رہی۔ دونوں ٹیموں کا ورلڈ ٹی ٹونٹی مقابلوں میں چار بار آمنا سامنا ہوا۔ بھارت کی ٹیم نے تین میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا۔ پاکستان کی ٹیم بھارت کے خلاف ہونے والے ورلڈ ٹی ٹونٹی میچوں میں سے اب تک کوئی میچ نہیں جیت سکی۔ پاکستانی ٹیم اپنا تیسرا میچ 22 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف چندی گڑھ جبکہ چوتھا اور آخری گروپ میچ 25 مارچ کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔
پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط ، بھارت میچ دیکھنے کولکتہ پہنچ گئے
کولکتہ (آن لائن)بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ دیکھنے کیلئے کولکتہ پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عبدالباسط نے کولکتہ پہنچنے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کپاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے مقابلے کی توقع ہے ۔ کچھ اور ساتھی بھی یہ میچ دیکھنے کیلئے آنا چاہتے تھے لیکن نہیں آ سکے۔واضح رہے کہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشن کا عملہ پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھنا چاہتا تھا تاہم بھارتی حکومت کی جانب سے انہیں اجازت نہیں ملی جس کے باعث وہ میچ دیکھنے نہیں آ سکے۔
16400 پاکستانی شائقین کرکٹ کی درخواست مسترد، 600 کو بھارتی ویزا جاری
بھارت نے ورلڈٹی 20 میچزکےلئے پاکستانی شائقین کی طرف سے17 ہزار ویزہ درخواستوں میں صرف 6 سو پاکستانیوں کو ویزے جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔ بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق میچز دیکھنے کے لئے 17ہزار پاکستانی شائقین کی طرف سے درخواستیں موصول ہوئیں تاہم دونوں ممالک کے درمیان اس مسئلے پربڑھتی تلخی کے پیش نظر چھ سو پاکستانی شائقین کو ویزے جاری کرنے کی منظوری دی گئی، حکومت نے اس سلسلے میں سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صرف انہی افراد کو ویزے جاری کیے جائیں گے جو مطلوبہ شرائط پر پورا اتریں گے۔ بھارتی اخبار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر حکام کے حوالے سے بتایا کہ بھارت ویزے جاری کرنے میں احتیاط سے کام لے رہا ہے کیونکہ 2008ءکے ممبئی حملوں کی تحقیقات میں سامنے آیا تھا کہ دہشتگردوں نے میچز دیکھنے کےلئے ویزوںکا غلط استعمال کیا۔ اخبار اکنامک ٹائمز، کے مطابق سید ذبیح الدین انصاری عرف ابو جندال کی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ 2008ءکے حملوں میں مطلوب ساجد میر اور میجر عبدالرحمان 2005ءمیں پاکستان، بھارت کرکٹ سیریز دیکھنے کےلئے ویزے پر آئے اس کے بعد انہوں نے اسی ویزے پر بھارت کا دو بار دورہ کیا۔ حکام کے مطابق بھارت کے ویزے کےلئے درخواست گزار کو اپنے میچ کا خریدا گیا ٹکٹ ہوٹل بکنگ رہائشی پتے کا ثبوت، پولیو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ جو ایک سال پرانا نہ ہو، پیش کرنا ہوں گے۔ بھارت نے دہلی، ممبئی، چنائی وغیرہ کے ساتھ کولکتہ کو بھی پورٹ آف انٹری قرار دیدیا ہے یعنی صرف انہی شہروں سے پاکستانیوں کی آمد اور روانگی ممکن ہوسکے گی۔ علاوہ ازیں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے سکیورٹی آفیسر میجر (ر) اظہر کو بھی ویزا دینے سے انکار کر دیا جسکے بعد پی سی بی نے متبادل سکیورٹی آفیسر یونس بٹ کے ویزے کی درخواست جمع کر ادی۔