امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر فون ٹیپ کیے جانے کے اپنے دعوﺅں پر قائم رہتے ہوئے جرمن چانسلر انگلیلا میرکل سے کہا ہے کہ کم از کم ہم دونوں میں کچھ تو مشترک ہے۔برطانوی نشریاتی ادراے کے مطابق جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماﺅں نے نیٹو اور تجارت جیسے مسائل پر بات چیت کی۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بعد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں فون ٹیپ کیے جانے کے حوالے سے بات کی جس پر انگیلا میرکل نے کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا۔امریکی سابق صدر کے زیر انتظام کام کرنے والی انٹیلیجنس ایجنسیوں نے انگلیلا میرکل کے فون کی نگرانی کی تھی جس پر شدید رد عمل سامنے آیا تھا۔تاہم ریپبلکن اور ڈیموکریٹک کانگریسی رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ انھیں ڈونلڈ ٹرمپ کے فون ٹیپ کیے جانے کے دعوے پر یقین نہیں ہے۔ اس سے قبل جرمن چانسلر نے جرمن اخباروں سے بات چیت میں کہاتھا کہ ہمیشہ ہی ایک دوسرے کے بارے بات کرنے کے بجائے ایک دوسرے سے بات چیت کرنا بہتر ہوتا ہے۔امریکی صدر نے اپنی انتخابی مہم کے دوران امریکہ میں کار بنانے والی جرمن کمپنیوں پر اضافی ٹیکس نافذ کرنے کی دھمکی دی تھی اور جرمنی سے دفاعی بجٹ میں اضافہ کرنے کو کہا تھا۔اس پر جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ امریکہ میں بہت زیادہ براہ راست جرمن سرمایہ کاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ میں بی ایم ڈبلیو کا تنہا پلانٹ جنرل موٹرز اور فورڈ دونوں سے بھی زیادہ کاریں امریکہ سے برآمد کرتا ہے۔ میں یہ سب بہت واضح کروں گی۔