انیسویں ایشین انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ کا آغازآج میانمار میں ہوگا

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) انیسویں ایشین انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ آج اتوار سے ینگون، میانمار میں شروع ہو گی، پاکستانی ٹیم بھی ایونٹ میں شرکت کیلئے میانمار پہنچ چکی ہے،۔ اس ایونٹ میں موجودہ ورلڈ انڈر18-چیمپیئن محمد نسیم اختر، حارث طاہر اور محمد شہباز ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے) کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پانچ رکنی پاکستانی ٹیم چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے میانمار پہنچ چکی ہے، 24 مارچ تک جاری رہنے والے ایونٹ میں ٹاپ ایشین کیوئسٹس ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ پاکستانی ٹیم تین کیوئسٹس اور دو آفیشلز پر مشتمل ہے، محمد نسیم اختر، حارث طاہر اور محمد شہباز چیمپئن شپ میں گرین شرٹس کی نمائندگی کریں گے جبکہ نوید کپاڈیہ بطور ریفری اور جاوید کریم بطور مینجر ٹیم کے ہمراہ ہیں۔ پی بی ایس اے حکام کا کہنا ہے کہ کیئوئسٹس نے ایونٹ کیلئے بھرپور تیاری کر رکھی ہے، ان سے بہت توقعات وابستہ ہیں، امید ہے کہ وہ ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے بہترین نتائج کے ساتھ وطن لوٹیں گے۔

ای پیپر دی نیشن