فیصل آباد‘ ساہیوال‘ بھوئے آصل: گھریلو حالات سے دلبرداشتہ طالبہ سمیت 3افراد کی خودکشی

Mar 18, 2018

فیصل آباد، ساہیوال‘ بھوئے آصل (نمائندہ خصوصی‘ نمائندہ نوائے وقت‘ نامہ نگار)گھریلو حالات سے دلبرداشتہ طالبہ سمیت 3افراد کی خودکشی۔فیصل آباد میں آٹھویں جماعت کی طالبہ نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی۔ بتایا جاتا ہے گوجرہ کے علاقہ بھگت پورہ کے رہائشی حاجی محمد ارشاد کی چودہ سالہ بیٹی ثناء نے گھریلو کام کاج پر والدین کی ڈانٹ ڈپٹ سے تنگ آ کر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل لیں جسے حالت غیر ہونے پر ہسپتال لے جایا گیا۔ الائیڈ ہسپتال میں ڈاکٹروں نے اس کا معدہ واش کر کے اسے بچانے کی کوششیں کیں لیکن بچی جانبر نہ ہو سکی۔ ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثا کے حوالے کر دی۔ ساہیوال کے جہاز گرائونڈ میں میونسپل کارپوریشن کے بلڈنگ انسپکٹر طارق کے بیٹے احمد نے گھریلو تنازعہ پر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ہیڈکوارٹر ہسپتال پہنچا دی گئی۔ احمد کا والدین سے گھریلو مسئلہ پر جھگڑا ہوگیا جس پر باپ نے احمد کی سرزنش کی تو اس نے دلبرداشتہ ہوکر اپنی کنپٹی پر پسٹل رکھ کر گولی چلا دی۔ بھوئے آصل میں گزشتہ روز نواحی گائوں مدکے دھاریوال ٹبہ میواتیاں کے شکیل نے اپنے پیٹ میں فائر مار کر خودکشی کرلی۔ مقتول کی تقریباً 2سال قبل شادی ہوئی تھی۔ اس کا ایک بیٹھا تھا تاہم خودکشی کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے۔

مزیدخبریں