سانگلہ ہل:جمہوریت کی آستین میں چھپے سانپ باہر آگئے, شیر کے خوف سے عمران اور زرداری کو ہاتھ ملانا پڑ گئے:مریم نواز

سانگلہ ہل: مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ جمہوریت کی آستین میں چھپے سانپ آہستہ آہستہ باہر آگئے‘ نوازشریف کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر آواز اٹھانے پرسلام پیش کرتی ہوں، نوازشریف کا ووٹ کے تقدس کا بیانیہ آپ کے دلوں اور گھر تک پہنچ گیا ہے‘شیر کے خوف سے عمران اور زرداری کو ہاتھ ملانا پڑ گئے یہ دونوں اندر سے ملے ہوئے ہیں‘جو ووٹ تم عمران خان کو دو گے وہ زرداری کو جائے گا اور جو زرداری کو ووٹ دے گا اس کا ووٹ عمران کو جائے گا۔ وہ یہاں بڑے جلسہ عام سے خطاب کررہی تھیں۔ مریم نواز نے کہا کہ فیصلے کی گھڑی میں چند ہفتے رہ گئے ہیں اور سازشیوں کے چہروں سے نقاب اٹھ گئے۔ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی آستین میں چھپے سانپ آہستہ آہستہ باہر آگئے ہیں، شیر کے خوف سے عمران اور زرداری کو ہاتھ ملانا پڑ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مخالفین2018میں عوام سے ووٹ لینے آئے تو کیا منہ لے کر آئیں گے، لاڈلہ کہے گا میں آپ کے ووٹوں کا سودا کرکے آگیا ہوں اور چہیتا کہے گا کہ میں آپ کے ووٹوں کو خرید کرآگیا ہوں، جو ووٹ تم عمران خان کو دو گے وہ زرداری کو جائے گا اور جو زرداری کو ووٹ دے گا اس کا ووٹ عمران کو جائے گا۔یہ دونوں آپس میں اتحادی ہیں اور اندر سے ملے ہوئے ہیں، اگر یہ لوگ تم سے ووٹ مانگنے آئیں تو نعرہ لگانا کہ زرداری عمران خان بھائی بھائی۔مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ آپ کو نوازشریف کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر آواز اٹھانے پرسلام پیش کرتی ہوں، نوازشریف کا ووٹ کے تقدس کا بیانیہ آپ کے دلوں اور گھر تک پہنچ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو سزا پہلے سنا دی اور مقدمہ بعد میں چلا رہے ہیں، دنیا کی عدالتی تاریخ کا پہلا مقدمہ ہے سزا اس الزام پر دی گئی جو درخواست گزار نے لگایا ہی نہیں، نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کردیا گیا۔باتیں کھربوں کی کرپشن کی ہوتی رہیں اور ذاتی کاروبار کی کھنگال رہے ہیں، کیا یہ لوگ نوازشریف کیخلاف 10روپے کی بھی کرپشن ثابت کرپائے؟ احتساب صرف نواز شریف کا نہیں احتساب سب کا ہونا چاہئے، حساب لو مگر انتقام نہ لو۔مریم نواز نے جلسہ کے شرکاء سے کہا کہ وعدہ کرو2018کے الیکشن میں سازشیوں اورکٹھ پتلیوں کو ووٹ نہیں دو گے اور یہ بھی وعدہ کرو کہ ووٹ کی حرمت کی جنگ میں نوازشریف کا ساتھ دو گے۔

ای پیپر دی نیشن