حقانی سمیت کسی کو نہیں بخشا،ملک سے تمام دہشتگرد گروہوں کا کامیابی سے صفایا کردیا: ترجمان پاک فوج

 ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنی سرزمین سے تمام دہشت گرد گروہوں کا کامیابی سے صفایا کیا، حقانی نیٹ ورک سمیت کسی گروہ کو نہیں بخشا۔عرب اخبار”گلف نیوز “کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کی بھاری قیمت چکائی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 75 ہزار پاکستانیوں نے اپنی جانیں دیں اور 100 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ملکی معیشت کو پہنچا۔ان کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن رد الفساد جاری ہے، جس کی وجہ سے پاکستان بھر میں پرتشدد واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق فاٹا میں پاک افغان بارڈر پر2 لاکھ سے زائد فوجی تعینات ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف حاصل کامیابیوں کے تحفظ کیلئے پاک افغان بارڈر پر باڑ لگائی جارہی ہے جبکہ دہشتگردوں کی آمدورفت روکنے کیلیے چوکیاں بھی بنائی جا رہی ہیں۔ان کے مطابق افغانستان میں موجود خطرات کے باعث سرحد پر دستے تعینات رہیں گے، 27 لاکھ افغان مہاجرین کی باعزت افغانستان واپسی ضروری ہے۔میجر جنرل آصف غفور کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاک، بھارت تعلقات کو معمول پرلانے کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقت ہیں، بھارت کو ذمے دار ملک کا رویہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب بھیجا گیا دستہ سعودی عرب کی سرحدوں کے باہر تعینات نہیں ہوگا اور یہ اسلامی فورس کا حصہ نہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ دستہ پاک سعودی باہمی سیکیورٹی تعاون کاحصہ ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے کہا کہ سی پیک 54 بلین ڈالر کا منصوبہ ہے جو کہ گوادر پورٹ کے ذریعے ہمیں چین کے ساتھ ملائے گا۔

ای پیپر دی نیشن