’’گندے کپڑے پبلک میں دھونے‘‘ کا محاورہ بہت عام ہے۔ آپ نے بھی ضرور سن رکھا ہو گا۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ شرفاء گھر کی بات گھر سے باہر نہیں نکلنے دیتے۔ خواہ اس کیلئے کچھ بھی کرنا پڑے۔ مگر لگتا ہے کہ PTI سرکار کے حادثاتی وزراء اس حکمت سے نابلد ہیں۔ ورنہ سات پردوں میں لپٹے اختلافات کو طشت ازبام نہ کرتے، نعیم الحق اور چودھری فواد جس درجہ کے سٹیٹ مین ہیں، ہر کوئی آگاہ ہے۔ دونوں کا میرٹ محض یہ کہ لیڈر مہربان ہے۔ انفرمیشن منسٹری اور پی ٹی وی میں کچھ مسائل ہیں، تو کیا مِل بیٹھ کر حل نہیں کیے جا سکتے ؟ سرعام اچھالنے کیا ضرورت تھی؟ خانصاحب کی ذمہ داری بے حد کٹھن ا ور ان کا سفر پل صراط سے کم نہیں۔ اپوزیشن کا تو کام ہی یہ ہے، آپ تو ان کیلئے مشکلات پیدا نہ کریں۔ اچھے بچوں کی طرح لیڈر کی انگلی مضبوطی سے تھام رکھیئے ، ورنہ بچھڑ جائو گے۔