وزیر خزانہ اسدعمر نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ مذاکرات حتمی مراحل میں ہیں۔انہوں نے اسلام آباد کے قریب ترنول میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسی معاہدے سے قبل آئی ایم ایف کے مقرر کردہ نئے مشن سے مزید بات چیت کرے گی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ فنڈ کے نئے مشن کے سربراہ کو نامزد کردیاگیا ہے اور وہ اس ماہ کی چھبیس تاریخ کو اسلام آباد آئیں گے اوروزارت خزانہ اور سٹیٹ بنک کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔اسد عمر نے کہا کہ آئندہ ماہ واشنگٹن میں عالمی بنک اور عالمی مالیاتی فنڈ کے سالانہ اجلاس کے بعد حتمی معاہدے کیلئے آئی ایم ایف حکام سے بات چیت ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ موخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی کا معاہدہ متحدہ عرب امارات سے نہیں بلکہ سعودی عرب کے ساتھ کیاگیا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کو تین ارب ڈالر فراہم کررہا ہے اور اس رقم میں سے دو ارب ڈالر موصول ہوچکے ہیں۔
آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات حتمی مرحلے میں ہیں،موخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی کا معاہدہ متحدہ عرب امارات سے نہیں بلکہ سعودی عرب کے ساتھ کیاگیا ہے: وزیر خزانہ اسد عمر
Mar 18, 2019 | 00:42