ایف بی آر نے ملک میں صنعتوں کو پلانٹ اور مشینری کی ڈیوٹی فری درآمدات کی اجازت دے دی

کراچی (این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک میں صنعتوں کو پلانٹ اور مشینری کی ڈیوٹی فری درآمدات کی اجازت دے دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے فنانس ایکٹ کے دوسرے ترمیمی بل 2019 کی منظوری کے بعد کسٹمز ایکٹ مجریہ 1969 کی دوشقوں 84 اور 85 کے تحت صنعتوں کو صفر ڈیوٹی پر پلانٹ اور مشینری کی درآمد کی اجازت دی گئی ہے۔ گرین فیلڈ صنعتوں کی جانب سے درآمد کنزیومر ڈیوریبل گڈز اور آفس ایکوپمنٹس کی درآمد پر ڈیوٹیز کی چھوٹ حاصل نہیں ہوگی۔ پلانٹ اور مشینری کی ڈیوٹی فری درآمدات کے لیے صنعتوں کو یہ شرائط پوری کرنی ہوں گی۔ درآمد کنندہ کو یکم جولائی 2019 کو یا اس کے بعد سیلز ٹیکس ایکٹ کے تحت رجسٹریشن کرانی ہوگی۔ متعلقہ جیوری ڈکشن کے کمشنر ان لینڈ ریونیو سے استثنیٰ سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔ درآمدی پلانٹ اور مشینری ایف بی آر کی پیشگی اجازت کے بغیر فروخت نہیں کی جاسکیں گی۔ فروخت کے لیے درآمدات کے وقت واجب الادا کسٹمز ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کی ادائیگی کرنی پڑے گی۔

ای پیپر دی نیشن