نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے متوقع انتخابی شکست سے خوف زدہ ہو کر ٹویٹر پر اپنے نام میں تبدیلی کرتے ہوئے چوکیدار نریندرا مودی رکھ لیا۔ بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات آئندہ ماہ سے شروع ہونے جا رہے ہیں، اپنی ناقص کارکردگی پر پریشان اور متوقع انتخابی شکست سے خوف زدہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ہر حال ناکام ہوتی نظر آرہی ہے، فوجی جارحیت پر پاکستان کے منہ توڑ جواب اور گرفتار پائلٹ کی رہائی نے مودی کے خواب کو چکنا چور کر دیا جس کے بعد بی جے پی کی نئی قلابازی نے تضحیک کا سامان فراہم کر دیا۔ بھارتی وزیراعظم اور حکمران جماعت نے پہلے تو فوجیوں کو انتخابی مہم کے لئے استعمال کیا اور فوجیوں کی بڑی بڑی تصاویر سے اپنے جلسہ گاہوں کو سجایا تاہم الیکشن کمشن نے سابق فوجی افسران کی درخواست پر سیاسی جماعتوں کو فوجیوں کے نام، تصاویر اور جنگی ترانوں کے استعمال روک دیا، انتخابی مہم کے لئے ہر چال ناکام ہوتے دیکھ کر حکمران جماعت نے اپنے لئے چوکیدار یعنی سپاہی کا نام استعمال کرنے لگے۔ وزیراعظم نریندرا مودی نے بھی ٹویٹر پر اپنے اکائونٹ کا نام چوکیدار نریندرا مودی رکھ لیا، جس پر سوشل میڈیا پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعت کا کہنا ہے کہ وزیراعظم مودی اور حکمران جماعت نے اپنے دور حکومت میں عوام تو بہت دور ملک کا دفاع کرنے والے سپاہیوں کے لئے بھی کچھ نہیں کیا اور اب انتخابی مہم کے لئے انہی سپاہیوں کا کندھا استعمال کرنے کی شرمناک حرکت کر رہے ہیں۔
انتخابی شکست کے خوف پر نام تبدیل، ٹویٹر پر ’’چوکیدار نریندر مودی‘‘ رکھ لیا
Mar 18, 2019