لاہور (نوائے وقت رپورٹ، صباح نیوز) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مریم نواز کا امریکی ناظم الامور کو خط جعلی اور جھوٹ ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انصاف پر یقین رکھنے والے تمام لوگ نوازشریف کی صحت کیلئے فکرمند ہیں صرف اللہ تعالیٰ کی مدد پر بھروسہ ہے اور اسی ذات پر امید ہے۔ ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ مریم نواز کا امریکی ناظم الامور کو خط جعلی اور جھوٹ ہے، ایسا خط نوازشریف کی صحت کی سنگینی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فواد چوہدری نے ساری عمر لوٹا کریسی کی ہے جس کی وجہ سے وہ سیاسی اقدار سے لاعلم ہیں،مشرف کا ترجمان صرف دوسروں کی صحت پر سیاست کرسکتا ہے ،حکومت نے ایک بار پھر اخلاقی اور ذہنی پستی کا مظاہرہ کیا اور نواز شریف کی صحت پر سیاست کی ہے۔فواد چوہدری کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف صاحب کی صحت پر سیاست کرتے ہوئے حکومتی ترجمان یہ بھول بیٹھے کہ وہ اصل میں نواز شریف اور شہباز شریف کی عوامی خدمت اور حکومتی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہیں،کئی مہینوں سے عمران نیازی اپنے ترجمانوں کے ذریعے نواز شریف صاحب کی صحت پر سیاست کر رہے ہیں۔نواز شریف سے مریم نواز کو گزشتہ روز نہ ملنے دینے کی ہدایت بھی عمران نیازی کی طرف سے آئی تھی۔ امریکی سفارتخانے کے ترجمان رچر ڈ سلینری نے بھی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں قائم امریکی سفارتخانے کو سابق وزیر اعظم نوازشریف کی بیٹی مریم نواز کی جانب سے کوئی خط موصول نہیںہوا، انہوںنے سوشل میڈیا پر جاری خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سفیر کو کسی قسم کا خط نہیں لکھا گیا ہے۔ رچر ڈ کا کہنا تھا کہ اس سے قبل ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق سوشل میڈیا پر بے بنیاد خبروں کو رد کرچکے ہیں ۔ میرے نام اور دستخط کے ساتھ جھوٹا خط سوشل میڈیا پر ہے ۔