کوئٹہ (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) ڈیرہ مراد جمالی کے قریب نامعلوم تخریب کاروں کی جانب سے دھماکہ خیز مواد سے راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین کو نشانہ بنانے کی کوشش کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 4 مسافر جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے۔ ٹرین کی 5 بوگیاں ریلوے ٹریک سے اتر کر الٹ گئیں، ریلوے ٹریک کے 400 فٹ حصے کو نقصان پہنچا۔ اتوار کو ڈیرہ مراد جمالی ریلوے سٹیشن کے قریب ربیع کینال کے مقام پر دہشتگردوں نے ریلوے ٹریک کے ساتھ باردوی مواد نصب کر رکھا تھا، دہشتگردوں نے بارودی مواد کو ریموٹ کنٹرول کی مدد سے عین اس وقت تباہ کرنے کی کوشش کی جب راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی ٹرین جعفر ایکسپریس وہاں سے گزر رہی تھی۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ ٹرین کی4 بوگیاں ریلوے ٹریک سے اتر کر الٹ گئیں اور ریلوے ٹریک کے 400 فٹ حصے کو نقصان پہنچا۔ بوگیاں الٹنے سے ان میں سوار 12 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا، ہسپتال حکام نے 4 مسافروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے، 25 زخمی اب بھی زیر علاج ہیں۔ دوسری جانب ریلوے ٹریک تباہ ہونے سے ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے، مسافر اپنی مدد آپ کے تحت نجی گاڑیوں میں کوئٹہ روانہ ہوئے ہیں۔ حادثے کے بعد پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے بولان میں ریلوے ٹریک پر دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے لیے مغفرت، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیاہے ۔
ڈیرہ مراد جمالی: ریلوے ٹریک پر دھماکہ، جعفرایکسپریس کی 5 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، 2 خواتین سمیت4 مسافر جاں بحق 25 زخمی
Mar 18, 2019