بھارت نے یورپ‘ ملائشیا‘ ترکی سمیت کئی ممالک کے شہریوں کے داخلے پر پابندی لگا دی

نئی دہلی (آن لائن )بھارت نے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے یورپی ممالک، برطانیہ، ترکی، ملائیشیا، افغانستان و فلپائن سے آنے والے شہریوں پر ملک میں داخل ہونے پر پابندی عائد کردی۔بھارت میں 17 مارچ کی صبح تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھ کر 199 تک جا پہنچی تھی جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد بھی تین تک جا پہنچی ہے۔بھارت میں رواں ہفتے کورونا وائرسز کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں کئی شہروں اور کچھ ریاستوں میں بھی پہلے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں۔کورونا وائرس کے پیش نظر بھارت میں ہونے والے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو پہلے ہی موخر کردیا گیا تھا جب کہ آئیفا فلم ایوارڈ سمیت دیگر تقریبات بھی موخر یا منسوخ کردی گئی تھیں۔رواں ہفتے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد اب بھارتی حکومت نے یورپ، برطانیہ، ترکی، ملائیشیا، فلپائن اور افغانستان سے آنے والے افراد کی ملک میں داخلہ پر پابندی عائد کردی۔دی اکانامکس ٹائمز کے مطابق بھارت نے نہ صرف یورپ، برطانیہ و ترکی جیسے ممالک کے شہریوں پر ملک میں داخلہ ہونے پر پابندی عائد کردی بلکہ بیرون ممالک رہنے اور وہاں کی شہریت رکھنے والے بھارتی افراد کے داخلے پر بھی پابندی عائد کردی۔رپورٹ کے مطابق یورپی یونین، یورپی فری ٹریڈ ایسوسی ایشن ارکان ممالک کے افراد سمیت برطانیہ و ترکی کے شہریوں سمیت بیرون ممالک شہریت رکھنے والے بھارتی افراد کا بھی 18 مارچ سے بھارت میں داخلہ ممنوع ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن